عوامی مقامات پر مورتی وسرجن کی اجازت نہیں:ڈی پی سی سی

    0

    نئی دہلی : (یو این آئی) دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) نے دہلی میں عوامی مقامات پرمورتی وسرجن پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کمیٹی نے بدھ کے روز کسی بھی آبی ذخیرے میں مورتی وسرجن پر روک لگادی اور لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں بالٹی یا کنٹینر میں مورتی وسرجن کریں۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے ندیوں اور جھیلوں میں ہونےوالی آلودگی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے ایجنسیوں سے کہا کہ مورتی وسرجن کے معاملے میں ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔


    ڈی پی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ درگا پوجا کے دوران یمنا ندی یا کسی دیگر آبی ذخائر/تالابوں/گھاٹوں سمیت کسی بھی عوامی مقامات پر مورتی وسرجن کی اجازت نہیں ہوگی۔ مورتی وسرجن کی رسم گھر میں ہی بالٹی یا کنٹینر میں کی جا سکتی ہے۔ مورتی وسرجن کی وجہ سے پانی کے معیار میں گراوٹ پر ہونے والی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ اس سے پانی کے معیارمیں کمی آتی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پلاسٹر آف پیرس (پی او پی) سے مورتی بنانے کے بجائے روایتی مٹی جیسے قدرتی موادکا استعمال کیا جائے۔ پی او پی سے بنی مورتیوں پر لگائے گئے کیمیائی رنگوں اور پینٹس کی وجہ سے آبی حیاتیات کی زندگی پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بتوں کو رنگنے کے لیے صرف پانی میں گھل جانے والےاور غیر زہریلے قدرتی رنگ استعمال کیے جائیں۔ ڈی پی سی سی نے ان ہدایات کے ساتھ ہی میونسپل کارپوریشن، دہلی پولیس سمیت تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS