ڈی یو: 17فروری سے آف لائن کلاسوں کی تیاری

0
Hindustan Times

ویکسین کا بھی نظم، بغیر ویکسین والے طلبا کو کلاس کی اجازت نہیں
نئی دہلی (ایس این بی)دہلی یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجوں نے 17فروری یعنی جمعرات سے آف لائن کلاسیں شروع کرنے کے لیے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ ڈی یو کے ذریعہ سبھی کالجوں میں طلبا کے لیے آف لائن کلاسیں شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے، لہٰذا کالجوں میں منگل کو کالجوں میں شروع کیے جانے کو لے کر میٹنگوں کا انعقاد کیاگیا۔ راجدھانی کالج میں شعبوں کے سربراہوں نے میٹنگ کرکے یہ طے کیا کہ فرسٹ ایئر کے لیے آن لائن پڑھائی ہوگی، وہیں آریہ بھٹ کالج میں بغیر ویکسین لگوائے آنے پر طلبا کو کلاس میں جانے سے قبل ان کا ویکسی نیشن کروایا جائے گا۔ بیشتر کالجوں نے آف لائن پڑھائی کیے جانے کا فیصلہ لیا ہے، حالانکہ اگر طالب کو آنے کے سلسلے میں کسی طرح کی پریشانی ہوگی تو کالج اپنی سطح پر اسے دیکھیںگے۔ قابل ذکر ہے کہ ڈی یو نے ڈی ڈی ایم اے کے ضوابط اور ڈی یو میں ہوئے مظاہرہ کے بعد 17فروری سے سبھی کالجوں میں آف لائن کلاسیں شروع کیے جانے کا حکم دیا تھا۔ اس کو لے کر کالجوں نے اپنی سطحپر تیاری بھی شروع کردی ہے۔ کالجوں میں صاف صفائی، سینیٹائزیشن، ماسک وغیرہ کا انتظام کیاجارہا ہے۔ کالج تو کھل رہے ہیں لیکن 21دن بعد پھر سے امتحانات کے لیے بند ہوجائیںگے۔ ایسے میں کالجوں میں حاضری کو لے کر کسی طرح کی سختی نہیں کی جائے گی۔ ڈی یو کے ڈین آف کالجز اور بھاسکراچاریہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بلرام پانی نے کہا کہ کالجوں میں آف لائن کلاسیں شروع ہوںگی لیکن اگر کسی کالج کی تیاری نہیں ہے تو وہ اپنے حساب سے انتظام کریںگے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ اگر کسی طالب علم نے ویکسین نہیں لگوائی ہے تو اس کو لے کر سختی نہیں ہوگی۔ ہم نے ویکسین کا بھی انتظام کیا ہے۔ آریہ بھٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر منوج سنہا نے بتایا کہ کالج پوری طرح سے آف لائن موڈ میں کھل رہا ہے۔ بغیر ویکسین لگوانے طالب علم کلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی لیکن ایسے طلبا کے لیے ویکسین کا انتظام کیاگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS