ٹڈّیوں پر ہیلی کاپٹرسے جراثیم کش ادویات کا چڑھکاؤ کیا جائے گا

0

نئی دہلی : اترپردیش،راجستھان اور مدھیہ پردیش میں ٹڈّیوں پر قابو پانے کے لئے حکومت نے ہیلی کاپٹروں سے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرناے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرزراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ حکومت اس مسئلہ کو پوری سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ اونچے درختوں اور ناقابل رسائی علاقوں میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے لئے ڈرون کا استعمال کرنے کے ساتھ ہی ہیلی کاپٹروں کی مدد لینے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔ ریاستوں کے ساتھ مل کر سبھی ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اورانہیں مشورے بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔وزیرزراعت کی صدارت میں جمعرات کو اعلی سطحی میٹنگ میں ٹڈّیوں پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹڈیوں کے جھنڈ پر قابو پانے کے لئے 11 کنٹرول روم قائم کرکے خاص ٹیمیں تعینات کرکے ان کے ساتھ اضافی ملازم بھی لگائے گئے ہیں۔سبھی جگہوں پرکسانوں کی مدد سے کنٹرول ٹیمیں تیاری کے ساتھ کارروائی میں مصروف ہیں۔
اب تک مدھیہ پردیش،راجستھان،گجرات،اترپردیش اورپنجاب میں 50468 ہیکٹر رقبے میں ہاپر اورگلابی جھنڈوں کو کنٹرول کیا گیا ہے۔ فی الحال راجستھان کے دوسہ، شری گنگا نگر،جودھپور،بیکانیر،مدھیہ پردیش کے مرینا اور اترپردیش کے جھانسی میں  گلابی ٹڈیوں کے جھنڈ سرگرم ہیں۔ اس وقت 47 اسپرے کے آلات کا  استعمال ٹڈّیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے اور برطانیہ سے 60 اضافی آلات کی سپلائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔مرکزی حکومت  نے راجستھان حکومت کی درخواست پر 800 ٹریکٹر اسپرے آلات کی خریداری کے لئے 2.86 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔اتر پردیش اور بہار حکومت بھی ٹڈّیوں کے حملے کے سلسلے میں خصوصی احتیاط برت رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS