سری نگر: سری نگر کے مومن آباد اور ایس ڈی کالونی بتہ مالو سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے جمعے کو یہاں ایکسچینج روڈ پر واقع محکمہ جل شکتی کے دفتر کے سامنے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف پرزوراحتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں،جن میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں، مصروف ترین ایکسچینج روڈ کو بند کیا جو ٹریفک جام کی وجہ بھی بن گیا۔ احتجاجی متعلقہ محکمے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ نے کئی ماہ قبل مومن آباد اور ایس ڈی کالونی میں پائپ لائنز نصب کیں لیکن پانی کہیں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی برسوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں اور کئی بار یہ اہم مسئلہ حکام تک پہچانے کے باوجود بھی موثر عملی کارروائی کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے مداخلت کر کے روڈ پر بیٹھے احتجاجیوں کو یہ مسئلہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کی جس کے بعد احتجاجیوں نے ٹریفک کی نقل وحمل کی اجازت دی۔ احتجاجیوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کا نام جل شکتی محکمہ کے طور تبدیل ہونے سے زمینی سطح پر کچھ بھی نہیں بدلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی ہم پینے کے پانی کی جیسی اہم ترین ضرورت سے محروم ہیں۔
ایک احتجاجی خاتون نے کہا کہ ہمیں پینے کے لئے پانی میسر نہیں ہے نہانے یا کپڑے اور برتن دھونے کی بات ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دن بھر اسی پریشانی میں رہتے ہیں کہ پینے کے لئے اور کھانا پکانے کے لئے پانی کہاں سے لائیں گے۔
سری نگر کے بتہ مالو میں پینے کے پانی کی قلت، لوگوں کا جل شکتی دفتر کے باہر احتجاج
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS