ڈاکٹر ادریس احمد غالب انسٹی ٹیوٹ کے مستقل ڈائرکٹر منتخب

0
Image: Ghalib Institute

نئی دہلی،(یو این آئی) ڈاکٹر ادریس احمدنے غالب انسٹی ٹیوٹ کے مستقل ڈائرکٹر کے طورپر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ یہ جانکاری یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ادریس احمدنے کہاکہ رضاحیدر صاحب کا انتقال ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ اور انسٹی ٹیوٹ کے لیے چیلنج تھالیکن مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ میں انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیاں قابلِ رشک رہیں۔ مستقبل کے لیے ہمارے پاس ایک شاندار لائحہ عمل ہے۔ مجھے امید ہے کہ جب ہم عملاً ان کو زمین پر اتاریں گے تو اس سے اردو زبان و ادب کو بڑی تقویت حاصل ہوگی۔غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے کہاکہ ڈاکٹر رضاحیدرکاانتقال انسٹی ٹیوٹ کے لیے دھچکاتھالیکن مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ڈاکٹر ادیس احمدنے بہت کم مدت میں انسٹی ٹیوٹ کی ذمہ داریوں کو بڑی خوبی سے سنبھالا۔ مستقبل میں بھی ان سے ہی امید ہے کہ وہ انسٹی ٹیوٹ کو نئی ترقی کی طرف لے جائیں گے۔
واضح ہوکہ سابق ڈائرکٹر سیدرضاحیدرکے انتقال کے بعد 26مئی 2021 کو ڈاکٹر ادریس احمدکو بطور کارگزار ڈائرکٹر منتخب کیاگیاتھا لیکن ان کی انتظامی و ادبی لیاقت کو دیکھے ہوئے انہیں مستقل طورپر ڈائرکٹر منتخب کرلیاگیاہے۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین،سکریٹری اور تمام ممبران نے ڈاکٹر ادریس احمدکی کارگزاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر ادریس احمد نے گزشتہ پانچ ماہ میں انسٹی ٹیوٹ کی ذمہ داریوں کو بخوبی سنبھالا ہے ان کی فعالیت کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیاہے کہ وہ ہی مستقبل میں اس انسٹی ٹیوٹ کو ترقی کی راہ پر لے جاسکتے ہیں۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے پورے عملے نے ڈاکٹر ادریس احمد کوعہدے کی مبارکباد دی اوراپنا بہترین تعاون کایقین دلایا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS