یوجی سی:کیا ہمارا کوئی پرسانِ حال نہیں؟

0

محمد اشرف یاسین

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) نے ہم طلباء کی مشکلیں بڑھا رکھی ہیں، ہمارے JRF (جونیئر ریسرچ فیلوشپ) کے امتحان کی تاریخوں میں اتنی مرتبہ ترمیم و تنسیخ کردی گئی ہے کہ اب ہم پریشان ہوگئے۔ یہ امتحان آخری مرتبہ 4/نومبر 2020 میں منعقد ہوا تھا جو کہ جون 2020 کے سیشن کا پیپر تھا۔ جنوری 2021 اور جون 2021 کے امتحان کا کہیں کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔ ممکن ہے کہ اس سیشن کو مزید مؤخر کرکے دسمبر کردیا جائے تاکہ حکومت سے فیلوشپ حاصل سے طلبا کچھ ماہ مزید محروم کردیے جائیں، یا پھر ہاسٹل بند ہونے کی وجہ سے بڑے شہروں میں رہ کر امتحان کی تیاری کے اخراجات نہ برداشت کرپانے کی وجہ سے اپنا تعلیمی سلسلہ ہی منقطع کرنے پر مجبور ہو جائیں۔ یو جی نیٹ کا یہ امتحان دو سال پہلے تک ایک برس میں دو مرتبہ (جنوری اور دسمبر) منعقد ہوتا تھا۔ اس میں انگریزی، ہندی، سندھی، پنجابی، تمل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم وغیرہ سے 101 مضامین کے طلبہ یہ امتحان دیتے ہیں جن کی تعداد لاکھوں ہے۔ ان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبا کو JRF اور کچھ کو نیٹ کی اہلیت مل جاتی تھی۔ لیکن گزشتہ تقریباً ایک برس سے یہ امتحان منعقد ہی نہیں کیا گیا۔ اس سلسلے میں ہم طلبا کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے یا طنزیہ طور پر ہمارا مذاق اُڑانے کے لیے دھر میندر کے بیٹے سنی دیول کی فلم ‘دامنی’ کا ایک ڈائیلاگ “تاریخ پہ تاریخ، تاریخ پہ تاریخ، تاریخ پہ تاریخ” ہمارے سامنے بار بار دہرا دیا جاتاہے۔

کبھی ہم طلبا کے لیے نیٹ ضروری قرار دے دیا جاتا ہے اور کبھی اس کو ضمنی مان لیا جاتاہے۔ دِقّت یہ ہے کہ بغیر نیٹ کے اعلیٰ تعلیم (پی ایچ ڈی، پی ڈی ایف) حاصل کر لینے پر بھی ہماری اہلیت زیرو ہے اور پی ایچ ڈی میں داخلے کے لیے نیٹ ضروری ہے۔ ریسرچ کے لیے ہماری جامعہ ملیہ اسلامیہ جیسی کچھ لائبریریوں کو اب بھی مقفل کر کے رکھا گیا ہے، ریڈنگ روم تو مستقل بند ہی ہیں۔ بغیر فیلوشپ کے تحقیقی کتابیں تک نہیں خریدی جاسکتیں، تو تحقیقی مقالہ یا تھیسس کیا لکھی جائے گی خاک ؟ فیلوشپ کے امتحان کے نام پر اس سال ہمیں مارچ سے اکتوبر تک پریشان کیا گیا اور ابھی بھی مستقل ہمیں روز آنہ نئے نئے نوٹیفیکیشن کے ذریعے مزید ٹینشن میں مبتلا کیا جارہاہے۔ میں نے مانا کہ یو پی ایس سی کا امتحان بہت بڑا امتحان ہے تو پھر یو جی سی کا امتحان بھی تو نیشنل اور قومی سطح کا امتحان ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریسرچ اسکالر اور جواں سال مترجم وسیم احمد علیمی کے بقول “ہم طلبا کو سیکڑوں کی تعداد میں ای میل کرنا چاہیے، ممکن ہے یو جی سی کے کانوں پر جوں رینگے۔” اس امتحان نے ہمیں اتنا تنگ کردیا کہ طلبا جائیں تو جائیں کہاں؟ کریں تو کریں کیا؟ کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔

دوسری خبر یو پی ایس سی کی ہے جو ایک بڑی مشکل کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ اس خبر کے مطابق “31 پرائیویٹ اسپیشلسٹ لوگوں کو یو پی ایس سی منتخب کرلے جائے گا، جو مختلف عہدوں پر فائز کیے جائیں گے” لیکن کسی کو بھی کوئی فکر نہیں ہے۔ کچھ مستقبل کے نوکر شاہ (بیوکریٹس) بننے والے لوگ آپس میں مست ہیں کہ ہمارے وارے نیارے ہونے والے ہیں۔ کیوں کہ لال فیتہ شاہی کا وہ لوگ من بنا چکے ہیں اور یہاں من مانی و دھاندلی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔

دراصل سب سے بڑا مسئلہ ہم متوسط اور مڈل فیملی بیک گراؤنڈ والے طلبا کا ہے، ہمارے ماں باپ اپنا آدھا پیٹ کاٹ کر ہمیں بڑے شہروں میں پڑھنے بھیجتے ہیں، ہمارے لیے تعلیمی لون لیتے ہیں۔ لیکن ہمارا تین سال کا گریجویشن سات سات تک بھی مکمل نہیں ہوتا۔ رویش کمار نے پچھلے برسوں میں ہماری مجموعی تعلیمی صورتحال کو اپنے تقریباً 40/ پرائم ٹائم کے ذریعے اجاگر کیا، لیکن پھر بھی اس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔ افسوس یہ ہے کہ ہندوستان کے باقی میڈیا ہاؤس پھونپو بنے ہوئے ہیں یا دلال بن کر ایک مخصوص پارٹی کی دلالی کررہے ہیں۔ اسی لیے این ڈی ٹی وی جیسے بڑے چینل کی باتیں بھی اب صدا بہ صحرا ثابت ہونے لگی ہیں؟ افسوس اب تو حال یہ کہ
کون سنتا ہے فغان درویش ؟

ہمارے نیتا اور لیڈران کے بچے مزے سے غیر ممالک میں تعلیم حاصل کرتے رہتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں شائع ہونے والے پیڈورا پیپرس سے بھی اس پر روشنی پڑتی ہے۔ لیکن ہم غریب بچوں کو یہ بھی میسر نہیں، مسئلہ ترجیحات کا بھی ہے کہ ہمارے ابتر اور دُم بریدہ لیڈران نے اولاد کا سکھ دکھ جھیلا ہی نہیں تو انہیں ہمارے درد وغم کی فکر بھی کیوں ہو؟؟؟

(مضمون نگار، دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر ہیں)

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS