کھلے میں نہ کریں قربانی اور سوشل میڈیا پرنہ ڈالیں فوٹو:ائمہ مساجد

0

نئی دہلی(ایس این بی)
نمازجمعہ سے پہلے ملک کی کئی اہم مساجدکے اماموں نے اپنے خطاب میں عیدالاضحی اور قربانی پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر جہاں تک ممکن ہو قربانی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، لیکن عیدالاضحی پر قربانی کے جانور کافوٹو اور ویڈیو سوشل میڈیا پر نہ ڈالیں۔ جن لوگوں پر قربانی واجب ہو، وہ اپنی جگہ پر قربانی نہ کرسکیں تو وہ دوسرے مقامات پر قربانی کرائیں۔ ائمہ حضرات نے کہا کہ مسلمان کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے پوری مسلم برادری کو شرمندگی اٹھانی پڑے۔ قربانی سڑکوں پر اور کھلے میں نہ کریں، ممنوعہ جانور کی قربانی نہ کریں، جس سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچے اور ملک میں بھائی چارہ قائم رہ سکے۔ ائمہ حضرات نے کہا کہ افواہ سے دور رہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ آنے والی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ عیدالاضحی کے دن قربانی کے بعد جمع ہونے والے خون کو ایک جگہ گڈھا کھود کر دفن کردیں اور جانوروںکی باقیات کو صحیح ڈھنگ سے ٹھکانہ لگائیںتاکہ آس پاس کے علاقے میں گندگی اور بدبو نہ پھیلے، کسی طرح کے ناخوشگوار واقعہ پیش آنے پراس کی اطلاع فوراً نزدیکی پولیس تھانے کو دیں۔
مساجد کے ائمہ نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ معاشرے کے بڑے بزرگ نوجوانوں پر نظر رکھیں کہ کوئی نوجوان کہیں انجانے میں کسی بھی غلط کام میں ملوث نہ ہونے پائے۔ قادری مسجد،شاستری پارک دہلی کے امام مفتی اشفاق حسین قادری، رتلام کی سنی جامع مسجد کے مفتی بلال نظامی، مکرانہ کے مفتی شمس الدین برکاتی، ہمیرپور کے مولانا شاہد مصباحی، مولانا بدرالدین مصباحی خطیب و امام مسجداعلیٰ حضرت نظامی لکھنؤ، جے پور کے مولانا سیدمحمد قادری، اجمیر میں مولانا انصار فیضی، قاری حنیف مرادآباد، مولانا سخی جموں، مولانا مظہر امام (شمالی دیناج پور،بنگال)مولانا عبدالجلیل نظامی (پیلی بھیت)، مولانا سمیراحمد (رام پور)، مولانا قاری جمال، بھاگل پور میں مولانا اکبر، ناگپور میں مولانا مصطفی رضا اور امن شہید جامع مسجد کے مولانا تنویر احمد اور دہلی مصطفی آباد میں مولانا مشرف نے بھی اسی مسئلے پرعوام سے خطاب کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS