ہمارے پاس اصلی مسٹر بین نہیں،لیکن کرکٹ کا اصلی جذبہ ہے

0

پاکستانی وزیراعظم کا زمبابوے کے صدر کوکرارا جواب
اسلام آباد (ایجنسیاں) :ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔زمبابوے کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔پاکستان کو شکست دینے کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مبارک باد دی اور ساتھ ہی بظاہر پاکستان کو ایک پیغام بھی دیا کہ’اگلی بار اصلی مسٹر بین بھیجنا’۔تاہم بعد ازاں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے زمبابوے کے صدر کو ٹوئٹ کے ذریعے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہمارے پاس اصلی مسٹر بین نہیں ، لیکن ہمارے پاس کرکٹ کا اصلی جذبہ ہے اور ہم پاکستانیوں کو مضحکہ خیز عادت ہے کہ وہ اچھی واپسی کرتے ہیں’۔
شہباز شریف نے ساتھ ہی زمبابوے کے صدر کو پاکستان کے خلاف جیت پر مبار ک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم اچھی کھیلی۔ہوا کچھ یوں کہ پاکستان اور زمبابوے کے میچ سے قبل گزشتہ روزگوگی چاسورا نامی ٹوئٹر صارف نے پی سی بی کی ٹوئٹر پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ ‘بحیثیت زمبابوین ہم آپ کو معاف نہیں کریں گے، آپ نے ایک بار ہمیں مسٹر بین روون کے بجائے جعلی مسٹر بین دیا تھا، ہم یہ معاملہ کل حل کرلیں گے، بس دعا کریں کہ آپ کو بارش بچا لے’۔جب ایک صارف کی جانب سے گوگی چاسوراسے پوچھا گیا کہ معاملہ کیا ہے تو انہوں نے بتایا کہ’ ہمارے ایک ایگریکلچر پروگرام میں پاکستان نے ہمیں اصلی مسٹر بین کے بجائے ان کا ہمشکل جعلی مسٹر بین بھیج دیا تھا’۔جب ان سے پوچھا گیا کہ جعلی مسٹر بین کون؟ تو گوگی چاسورا نے آصف میمن کی تصویر شیئر کی جو برطانوی اداکار روون اٹکنسن( المشہور مسٹربین) کے ہمشکل لگتے ہیں اور اس وجہ سے پاکستان میں بھی کافی مشہور ہیں۔رپورٹس کے مطابق آصف میمن کو 2016 میں زمبابوے میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے ہرارے انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ایک کامیڈی نائٹ میں شرکت کی۔جمعرات کو سپر 12 مرحلے میں پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست ہوئی تو گوگی چاسورا نے دوبارہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا پر انہوں نے سنا ہی نہیں۔اس کے علاوہ ایک اور صارف نے لکھا کہ زمبابوے نے جعلی مسٹر بین کا بدلہ لے لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS