کیا اسرائیل ’یک ریاستی حل‘ چاہتا ہے؟

0

فلسطینیوں کی طویل جدوجہد کا احساس بلا تفریق مذہب و ملت دنیا بھر کے امن پسند لوگوں کو ہے اور اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ مسئلۂ فلسطین کا حل نکلے، البتہ یاسر عرفات جب تک زندہ رہے، وہ فلسطین کاز کے لیے بے حد متحرک رہے، عالمی برادری کو فلسطینیوں کے دکھ درد سے واقف کرانے کے لیے کوشاں رہے مگراب فلسطینیوں کے پاس ان کے جیسا کوئی لیڈر نہیں ہے۔ وہ لیڈران جو خود کو فلسطینیوں کا لیڈر کہتے ہیں، ان کا دائرۂ اثر محدود ہے، کیونکہ ان کا دنیا بھرکے سربراہوں سے ویسا رشتہ نہیں جیسا رشتہ یاسر عرفات کا تھا۔ اسی لیے 1988 میں عرفات نے اپنی طرف سے جب یہ اعلان کیا تھا کہ فلسطین ایک ریاست ہے تو 100 سے زیادہ ملکوں نے اسے تسلیم کرنے میں تاخیر نہیں کی تھی۔ ان ملکوں میں عرب ممالک شامل تھے تو کمیونسٹ ممالک بھی شامل تھے، ناوابستہ تحریک سے جڑے ممالک بھی شامل تھے۔ لاطینی امریکہ کے ملکوں نے بھی فلسطین کو ایک ریاست مان کر یہ اشارہ دے دیا تھا کہ مسئلۂ فلسطین پر وہ دنیا کے طاقتور ملکوں کا تماشہ اور زیادہ دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ایسی صورت میں امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں میں ہلچل مچنی فطری تھی۔ اب یہ بحث کا الگ موضوع ہے کہ کیا اسی وجہ سے اوسلو معاہدے کے لیے راہ ہموار کی گئی تاکہ فلسطینیوں کے بڑھتے قدم کو پرامن دو ریاستی حل کا خواب دکھاکر روکا جا سکے؟
2012 میں فلسطین کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے غیر رکن مبصر ریاست کا درجہ ملا تھا تو اس وقت پھر یہ امید بندھی تھی کہ مسئلۂ فلسطین کا دو ریاستی حل نکالنے کی نئے سرے سے کوشش کی جائے گی لیکن محمود عباس نے وہ تیزی نہیں دکھائی جو ان سے امید کی گئی تھی۔ وہ یاسرعرفات نہیں بن سکے۔ دوسری طرف عراق جنگ کے بعد دنیا کے حالات بدل گئے۔ رہی سہی کسر کرنل قذافی کی ہلاکت اور حسنی مبارک کی برطرفی نے پوری کر دی۔ 15 فروری، 2017 کو امریکہ کے اس وقت کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی تھی اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین تنازع ختم کرنے اور خطے میں امن بحال کرنے کے لیے ’دو ریاستی حل‘ کے ساتھ ساتھ’یک ریاستی حل‘ پر بھی غور کرنے کے لیے تیار ہیں اور اسی سے یہ سوال پیدا ہوا تھا کہ کیا مسئلہ فلسطین کا یک ریاستی حل نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور امریکہ اس کا حامی ہے؟ بات اگر یہ نہیں ہے تو پھر امریکہ دو ریاستی حل نکالنے کے لیے کیا کررہاہے؟ کیا اس کی اسرائیل کی اندھی حمایت سے دو ریاستی حل نکلے گا؟n

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS