مسلم ملازمین کوماہ رمضان میں روزانہ 2 گھنٹے کی چھٹی کی اجازت والے سرکلر کو جل بورڈ نے واپس لیا

0

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی کی عام آدمی پارٹی سرکار رمضان کے دوران دہلی جل بورڈ کے مسلم ملازمین کو ہر دن 2گھنٹے کی مختصر چھٹی کی منظوری کو لے کر ہوئے اعتراض کے بعد یوٹرن لیتے ہوئے یہ حکم واپس لے لیا۔ دہلی جل بورڈ نے رمضان کے دوران اپنے مسلم ملازمین کو ایک ماہ تک آفس سے یومیہ 2گھنٹے کی شارٹ لیو دینے کی اجازت دینے والے حکم کو 24گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر واپس لے لیا۔ دراصل رمضان کے مدنظر پیر یعنی 4اپریل کو جل بورڈ نے سبھی مسلم ملازمین کو ایک ماہ تک آفس سے ہرروز 2گھنٹے کی مختصر چھٹی دینے کی اجازت دیتے ہوئے ایک حکم جاری کیا تھا، حالانکہ اس حکم میں یہ بھی صاف کردیاگیا تھا کہ یہ مختصر چھٹی اس شرط کے ساتھ ہوگی کہ وہ بقیہ دفتر کے اوقات کے دوران اپنا کام پورا کریںگے تاکہ دفتر کا کام متاثر نہ ہو۔
واضح رہے کہ دہلی جل بورڈ نے پیر کو اپنے مسلم ملازمین کو رمضان کے مہینے میں دن میں تقریباً 2 گھنٹے کا مختصر وقفہ کرنے کی اجازت دی۔ رمضان اسلامی کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے۔ اس ماہ میں اسلام کے پیروکار صبح سے شام تک روزہ رکھتے ہیں۔ دہلی جل بورڈ کی طرف سے منگل کو جاری ایک سرکلر میں کہا گیا تھا کہ مجاز اتھارٹی نے مسلم ملازمین کو رمضان کے دوران یعنی 3 اپریل سے 2 مئی تک روزانہ 2گھنٹے کی مختصر چھٹی لینے کی اجازت دی تھی۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کو بقیہ گھنٹوں میں اپنا کام مکمل کرنا ہوگا اور مختصر چھٹی سے ان کا کام متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS