’مجرموں کی حراست‘بمقابلہ ’مجرموں کی حفاظت ‘اترپردیش کے لوگوں کا ایک بڑا مسئلہ:مختارنقوی

0
hindustantimes.com

رام پور،(یو این آئی):بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی اقلیتی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ’مجرموں کی حراست‘ بمقابلہ’مجرموں کی حفاظت ‘اترپردیش کے لوگوں کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ مسٹر نقوی نےوزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر جمعہ کے روز یہاں ‘سیوا دیوس’ کے تحت مختلف پروگراموں سے اپنے خطاب میں کہا کہ اتر پردیش میں سابقہ ​​حکومت کے دوران سیاسی آقاؤں کے تحفظ میں غلبہ حاصل کرنے والے غنڈے مافیا ، اب حراست میں ہوا کھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی چوٹ غنڈوں پر پڑ رہی ہےلیکن ان غنڈوں اور مافیا کے سیاسی سرپرستوں کی چیخ نکل رہی ہے۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ اتر پردیش کے لوگ سکون اور پرامن محسوس کر رہے ہیں ، لیکن غنڈوں اور مافیا کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار کے تخت تک پہنچنے والے لوگ بے چین ہیں۔ ایس پی-بی ایس پی-کانگریس اتر پردیش میں’زمین کے بغیر زمینداری‘اور’عوامی حمایت کے بغیر جاگیرداری‘کے لیے جدو جہد کررہی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستانی سیاست نے سیاست ، بہتر حکمرانی اور ایمانداری کے عزم اور سوچ کے ساتھ مثبت کروٹ لی ہے۔ اس تبدیلی کو’خاندانی گھونسلے‘میں محدود رہنے والی سیاسی پارٹیاں نہیں سمجھ سکتی ہیں اور نہ ہی قبول کر سکتی ہیں۔ مسٹر مودی “خدمت ، لگن ، بہتر حکمرانی ، ہمہ جہت بااختیاری” کے مترادف ہیں۔مسٹر نقوی نے کہا کہ کورونا وائرس کے چیلنجوں کے دوران ، مسٹر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ‘سنکٹ موچک’ کردار کو نہ صرف ملک ، ریاست بلکہ پوری دنیا نے سراہا ہے۔ یہ عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے وزیر اعظم مودی کے عزم کا ہینتیجہ ہے کہ ایک بڑی آبادی والا ملک ہونے کے باوجود ہندوستان تیزی سے کورونا کے بحران سے نکل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی سب سے بڑی کورونا ٹیکہ کاری مہم ہندوستان میں جاری ہے۔ اب تک 77 کروڑ سے زائد ٹیکے دیئے جاچکے ہیں۔ ہندوستان نے ٹیکہ کاری کے میدان میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تقریبا ایک کروڑ افراد کو ہر روز ویکسین دی جا رہی ہے۔ جس میں اتر پردیش کا اہم کردار ہے۔
مسٹر نقوی نے رامپور کے دھمورہ میں واقع ٹیکہ کاری مرکز پر’سیوا دیوس’ کے پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ کورونا ٹیکہ کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہندوستان کو کورونا سے پاک بنایا جا سکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS