ڈنمارک نے فرانس کو 2-1سے ہرادیا، کریم بن زماں کی محنت رائیگاں

0

پیرس/برسلز(ایجنسیاں) : ڈنمارک نے نیشنز لیگ گروپ اے کے اپنے پہلے میچ میں فرانس کو 2-1سے شکست دے دی جبکہ آسٹریا ، نیدر لینڈ اور پولینڈ نے بھی ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
جمعہ کو اسٹیڈڈی فرانس میں کھیلے گئے اس میچ میں فرانس نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم متبادل انڈریس کارنیلیئس کے دو گول کی بدولت ڈنمارک نے جیت درج کرلی۔ میچ میں کریم بن زماں کا شاندار کھیل رہا اور انہوں نے میچ کے 51ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی لیکن کارنیلیئس نے 68اور 88ویں منٹ میں گول کرکے فرانس کو شکست سے دوچار کردیا۔ گزشتہ ہفتہ اسی مقام پر ریال میڈرڈ کو چمپئنز لیگ کا خطاب دلانے میں اہم کردار کرنے والے کریم بن زماں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہی ہاف میں ٹیم کو برتری دلانے میں کامیاب ہوتے لیکن ان کا ہیڈر کے ذریعہ کیا گیا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔ کریم بن زماں نے پورے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کیلین ایمباپے کے ساتھ بہترین تال میل میں نظر آئے تاہم ان کی کئی کوششوں کو ڈنمارک کے دفاعی کھلاڑیوں نے ناکام کردیا۔ فرانس اب پیر کو اگلے میچ کے لیے کروشیا کا سفر کرے گا۔ اس گروپ کے ایک اور میچ میں آسٹریانے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کروشیا کو 3-0سے روند دیا۔
دوسری طرف برسلز میں کھیلے گئے نیشنز لیگ گروپ ڈی کے ایک میچ میںنیدر لینڈز نے پڑوسی ملک بیلجیم کو 4-1سے شکست دے دی۔نیدر لینڈ نے 25سال بعد روایتی حریف کے خلاف جیت درج کی ہے۔ جمعہ کی دیر رات کھیلے گئے میچ میںفاتح ٹیم کے لیے فیمفس ڈیپے نے 2گول داغے جبکہ اسٹفین برگ وجن نے ٹیم کے لیے پہلا گول کیا۔ ان کے علاوہ ڈمفریز نے بھی ایک گول داغا۔ نیدر لینڈ نے بیلجیم کو آخری بار1997ہرایا تھا۔ اس میچ میں بیلجیم کے اسٹار کھلاڑی رومیلو لوکاکو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ بیلجیم کی جانب سے انجری ٹائم میں میچی باتشوائی نے واحد گول کیا۔ اس گروپ میں پولینڈ اور ویلز کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ پولینڈ نے ویلز کو 2-1سے شکست دے کر پورے پوائنٹس حاصل کیے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS