ایوان بالا میں سبھی تعلیمی اداروں کو کھولنے کا مطالبہ

0

نئی دہلی: (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل کے منوج جھا نے آج ایوان بالا راجیہ سبھا میں کورونا وائرس کی وجہ سے بند تمام تعلیمی اداروں کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا۔ جمعرات کو وقفہ صفر کے دوران اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے مسٹر جھا نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے آن لائن تدریس کی وجہ سے پسماندہ اور غریب طبقات سے تعلق رکھنے والے تمام طبقات کے طلباء کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اسٹڈیز سے ثابت ہوا ہے کہ آن لائن موڈ میں پڑھانے سے طلباء کو جو نقصان ہوا ہے اس کی تلافی کئی نسلوں تک نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے غریب طلباء کے لیے بہت بڑا تفاوت پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ تمام اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے فوری طور پر کھولے جائیں اور ان کے ہاسٹلز کو بھی فعال کیا جائے۔
مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جان برٹس نے کہا کہ اس ملک میں بزرگ شہریوں کی بڑی آبادی ہے اور یہ لوگ مختلف سطحوں پر کام کرتے ہوئے ملک کے لیے اپنی زندگیاں گزار چکے ہیں لیکن ان کے پاس بڑھاپے میں زندہ رہنے کے ذرائع نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بڑھاپے کی پنشن سے زندہ رہنے کے قابل نہیں ہیں اور حکومت نے ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے بجٹ میں بھی کمی کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرف توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS