نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مالیات منیش سسودیا نے پہلا ای بجٹ پیش کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اسمبلی میں کہاکہ سال 2047 تک دہلی کی آبادی 3 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ 2047 تک دہلی کی فی کس آمدنی 16 گنا تک بڑھانے کا ہدف ہے، تاکہ دہلی کے لوگوں کی فی کس آمدنی سنگاپور کے برابر ہو جائے۔‘
دریں اثنا دہلی سرکار نے منگل کو 2021-22کیلئے 69ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ۔بجٹ میں دہلی سرکار نے اپنے سبھی اسپتالوں میں لوگوں کو کووڈ-19ٹیکہ مفت لگانے کا اعلان کیا۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ نے دہلی کا پہلا ای بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ بجٹ ’دیش بھکتی ‘ پر مبنی ہے۔ بجٹ کے ذریعہ مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ منیش سسودیا کے اس بجٹ میں ایک چوتھائی تعلیمی شعبہ کیلئے اور 14فیصد یعنی 9,934کروڑ صحت شعبہ کیلئے مختص کرنے کی تجویز ہے۔آئندہ سال کایہ بجٹ رواں سال کے بجٹ کے مقابلے 6.1فیصد زیادہ ہے۔دہلی سرکار نے سال 2020-21 میں 65ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کیا تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے دہلی کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ69 ہزار کروڑ کے بجٹ میں مختلف اسکیم اور پروجیکٹ پر 37,800کروڑ (55فیصد)اور انتظامی کام پر 31,200 کروڑ (45فیصد)خرچ کئے جائیں گے۔کم انتظامی خرچ اور زیادہ پروجیکٹ خرچ بہتر مالی مینجمنٹ سے ممکن ہوسکا ،کورونا وائرس کے بعد سرکار پروجیکٹ پر زیادہ توجہ مرکوز کرے گی۔پچھلے بجٹ کی طرز پر سال 2021-22کے بجٹ میں دہلی سرکار نے تعلیم کیلئے سب سے زیادہ 16377کروڑ روپے مختص کئے گئے یہ رقم پورے بجٹ کی 24 فیصد ہے۔صحت پر 9,934 کروڑ (14فیصد)، ٹرانسپورٹ پر 9,394کروڑ (13فیصد)،شہری ترقی پر 5,328کروڑ (8فیصد)، سماجی بہبود پر 4,750کروڑ (7فیصد)اور توانائی کیلئے 3,227(5فیصد) مختص کئے گئے ہیں۔ اے اے پی سرکار نے ملک کی آزادی کا 75واںسال منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس کیلئے وہ 12مارچ سے 75 ہفتہ تک پروگراموں کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیش بھکتی بجٹ کے تحت سرکار راجدھانی میں 500مقامات پر قومی ترنگا لہرانے کیلئے 45کروڑ روپے کی لاگت سے اونچے کھمبے لگائے گی ۔یہ کھمبے کناٹ پلیس واقع سینٹرل پارک کی طرز پر ہوں گے ۔کوئی بھی شخص اپنے گھر سے دو کلو میٹر بھی باہر نکلتا ہے تو وہ ترنگے کو دیکھے گا اور ا س کے ذہن میں دیش بھکتی کا جذبہ پیدا ہوگا ۔منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی کے اسکولوں میں دیش بھکتی کی پڑھائی کیلئے ’دیش بھکتی پیریڈ‘ بھی شروع کیا جائے گا۔ 75 ہفتہ کے دوران بھگت سنگھ اور بی آر امبیڈکر کی زندگی پر پروگرام کیلئے ہر ایک پروگرام کے واسطے بجٹ میں 10کروڑ روپے کی تجویز ہے۔
منیش سسودیا نے کہا کہ کووڈ-19ٹیکہ لگانے کے اگلے مرحلوں میں دہلی سرکار کے اسپتالوں میں ٹیکا مفت لگایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے عام آدمی سرکار مفت کووڈ ٹیکا منصوبہ کے لئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ موجودہ میں سینئر سٹیزنس اور 45سے59سال کے عمرطبقہ میں کسی سنگین بیماری سے متاثر افراد کے لئے مرکز اور دہلی سرکار کے اسپتالوں میں کووڈ ٹیکا مفت لگای جا رہا ہے جبکہ نجی اسپتالوں میں اس کے لئے 250روپے لئے جا رہے ہیں۔ منیش سسودیا نے کہا کہ کووڈ۔19وبا سے ملے تجربے کو دیکھتے ہوئے بجٹ میں 1,239کروڑ روپے الگ سے رکھے گئے ہیں جو صحت خدمات کی توسیع، نئے اسپتال کھولنے ،پرانے اسپتالوں کی مرمت کرنے اور بستروں کی تعداد بڑھانے میں کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلے سال سے دہلی میں خصوصی ’مہیلا محلہ کلینک ‘ کھولے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں اس طرح کے 100کلینک کھولے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں ہر شہری کو اسمارٹ ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ایک صحت انفارمیشن منیجمنٹ سسٹم کو بھی عمل میں لایا جائے گا ۔اس کے ساتھ ہی ایک انفارمیشن ٹیکنا لوجی کو اپنانے اور اس کے فروغ کے لئے ایک ورچوول ماڈل اسکول بھی شروع کیا جائے گا ۔
منیش سسودیا نے کہا کہ راجدھانی میں 100خصوصی اعلیٰ اسکول قائم کئے جائیں گے ۔اس کے ساتھ ہی دہلی سرکار ٹیچر ٹریننگ اور قانون کی پڑھائی کے لئے یونیورسٹی کی بھی شروعات کرے گی ۔دہلی میں ایک سینک اسکول کھولنے کی بھی تجویز ہے ۔اس کے ساتھ ہی آپ سرکار کالونیوں میں یوگ ٹریننگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔اس کے لئے 25کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔
منیش سسودیا نے کہا کہ اگلے دو مالی سال میں سبھی غیر منظور شدہ کالونیوں میں پانی سپلائی کو پابند بنایا جائے گا ۔بجٹ میں دہلی جل بورڈ کے لئے اگلے مالی سال کے لئے 3,274کروڑ روپے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سرکار سال 2047تک دہلی کی فی شخص آمدنی کو سنگا پور کی فی شخص آمدنی کے برابر لے جانے کی خواہش رکھتی ہے۔
دہلی کی فی کس آمدنی سنگاپور کے برابر کرنے کا ہدف
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS