تیسرے دن بھی بھےگی دہلی، آج اور کل بھی بارش کا امکان

0

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی ہفتہ کو تیسرے دن بھی بارش سے بھیگتی رہی۔ رات دن کی بوندا باندی کی وجہ سے دہلی کے لوگوں کا برا حال ہے۔ سڑکوں کے کنارے پانی بھرا ہوا ہے اور کام کے لیے دفتر جانے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ےہی صورت حال اتوار کو بھی برقرار رہنے والی ہے۔ پیر کو بھی بارش ہوگی لیکن آج کی طرح نہیں۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق آج صبح تک بارش کی اوسط 15.4 ملی میٹر اور شام تک 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش پالم میں 21.9، آیا نگر 17.4، پوسا میں 19.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ بارش کا سلسلہ گزشتہ 3 روز سے جاری ہے اور اتوار کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق آج یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 7 ڈگری سیلسیس کم تھا۔ آج کا کم سے کم درجہ حرارت 22.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ایک ڈگری سیلسیس کم تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو یہاں درجہ حرارت 28 اور 23 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔ کل بھی آسمان ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں رواں ماہ ہونے والی کم بارش کو نہ صرف 3 دن کی بارش نے مکمل کیا ہے بلکہ معمول سے زیادہ بارش بھی ہوئی ہے۔
گزشتہ 3 دنوں سے جاری ہلکی اور درمیانی بارش کی وجہ سے شہر میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہے۔ ہفتہ کو زیادہ تر دفاتر بند ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی زیادہ ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی، پھر بھی بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر رہا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS