آلودگی کا قہر: اگلے حکم تک دہلی کے تمام اسکول رہیں گے 13 نومبر تک بند

0

نئی دہلی (اظہار الحسن،ایس این بی ) : ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے اتوار کو کہا کہ دہلی میں فضائی آلودگی کے مد نظر تمام اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے ، جبکہ پہلے کی طرح آن لائن کلاسیزچلیں گی۔ ایڈیشنل ایجوکیشن ڈائریکٹر ریتا شرما نے کہا کہ ماحولیات محکمہ نے ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن کے اگلے حکم آنے تک قومی راجدھانی خطہ اور آس پاس کے علاقوں میں سبھی اسکولوں کو فوری اختیار سے بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔اس لئے اگلے حکم تک سبھی سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے ۔افسر نے کہا کہ آن لائن کلاسز کے لئے امتحانات ماضی میں جاری احکامات کے مطابق ہی جاری رہیں گے۔واضح رہے کہ دہلی سرکار نے خراب ایئر کوالٹی کے مد نظر 13 نومبر کو تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ،غیر سرکاری ،سرکاری امداد یافتہ ،غیر امداد یافتہ ،این ڈی ایم سی ،ایم سی ڈی اور دہلی چھاؤنی کے اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے ۔اس دوران حالانکہ آن لائن پڑھائی جاری رہے گی ۔ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے تمام اسکولوں کے سربراہوں کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ طلبا، اساتذہ اور والدین کو ان احکامات کی جانکاری دیں گے۔ واضح رہے کہ راجدھانی دہلی میں ہوا کا معیار اتوار کو بھی خراب حالت میں ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 365 درج کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع محکمہ موسمیات نے دی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں دہلی کی ہوا کے معیار میں بہتری کی امید ہے جو خراب سے متوسط کے درمیان ہی رہے گی اور ان میں آلودگی پی ایم 2.5 ہوگی۔ ہفتہ کو پنجاب میں 283 ، ہریانہ میں 127 اور اتر پردیش میں 20 مقامات پر پرالی جلانے کے واقعات درج کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم ازکم درجہ حرارت عام حالات کے مقابلے تین ڈگری کم 9.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیاجب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس رہنے کی امید ہے ۔ مرکزی حکومت کی تنظیم سفر کے مطابق دہلی کی ایئر کوالٹی 362 درج کی گئی ہے جو ابھی بھی خراب زمرے میں ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS