دہلی فساد معاملہ میں 6ملزمان کو ضمانت

0
the federal News

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی ہائی کورٹ نے 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات سے متعلق قتل کے ایک معاملے میں ملزم 6 افراد کو منگل کو ضمانت دے دی۔ جسٹس سبرامنیم پرساد نے محمد طاہر، شاہ رخ، محمد فیصل، محمد شعیب، راشد اور پرویزکی ضمانت کی عرضیاں قبول کرتے ہوئے یہ حکم دیا۔ استغاثہ فریق کے مطابق شمال مشرقی دہلی کے گوکل پوری علاقے میں ہجوم نے توڑ پھوڑ کی اور مٹھائی کی ایک دکان میں آگ لگادی تھی، جس سے دلبر نیگی نام کے 22سالہ ایک شخص کی جل کر موت ہوگئی تھی۔ نیگی مٹھائی کی دکان میں کام کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق فساد کا واقعہ 24فروری 2020کو شیووہار تراہا کے پاس پیش آیاتھا، جس میں ملزم افراد نے مبینہ طور پرپتھراؤ کیا، توڑ پھوڑ کی اور وہاں کئی دکانوں میں آگ لگادی تھی۔ 2دن بعد دکان سے نیگی کی خستہ حال لاش ملی تھی۔ اس سلسلے میں گوکل پوری تھانے میں انڈین پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
دہلی پولیس نے اس معاملے میں ملزمان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 147 (فسادکرنے کی سزا)، 148 (فساداورتباہ کن اسلحہ سے لیس) ، 149 (غیر قانونی اجتماع)، 302 (قتل)، 201 (ثبوت کومٹانا)، 436 (آگ سے شرارت) اور427 (نقصان پہنچانا) کے تحت معاملے درج کئے تھے۔ مقامی پولیس نے بعد میں تفتیش کیلئے کیس کو کرائم برانچ کی ایس آئی ٹی کو ٹرانسفر کر دیا گیا ۔ تفتیش کے دوران کیس میں 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد 4 جون 2020 کو چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ پولیس نے اس معاملہ میں 12ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کیا تھا۔دہلی پولیس کے وکیل نے ملزمان کو ضمانت دینے کی مخالفت کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS