ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت نہیں دی جاسکتی

0

نئی دہلی (ایس این بی) :ہائی کورٹ نے ہڑتال پر جانے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دینے سے انکار کردیا۔ قائم مقام چیف جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس سچن دتہ کی بنچ نے کہا کہ جو بھی ڈاکٹر کے خلاف تادیبی کارروائی کا خواہاں ہے اسے پہلے اسٹیٹ میڈیکل کونسل میں شکایت درج کرنی چاہیے۔ اس معاملے میں درخواست گزار نے میڈیکل کونسل سے شکایت نہیں کی ہے۔ اس کے ساتھ ان کی عرضی بھی اخبارات اور میڈیا رپورٹس پر مبنی ہے۔ بنچ نے یہ کہتے ہوئے ایک این جی او پیپل فار بیٹر ٹریٹمنٹ کی عرضی کو نمٹا دیا۔
بنچ نے عرضی گزار سے کہا کہ وہ پہلے اپنی بات اسٹیٹ میڈیکل کونسل کے سامنے رکھیں اور ساتھ ہی اسپتالوں کی حالت اور اس دوران تکلیف میں مبتلا مریضوں کی شکایات بھی منسلک کریں۔ اگر ریاستی میڈیکل کونسل کوئی کارروائی نہیں کرتی ہے تو یہ نیشنل میڈیکل کونسل کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اسٹیٹ میڈیکل کونسل صحیح طریقہ سے کام کر رہی ہے۔ بنچ نے کہا کہ کسی کے خلاف زبردستی کارروائی کرنے کی ہدایت دینے سے پہلے ضروری ہے کہ اس کے خلاف کوئی ٹھوس بنیاد ہو۔ اس معاملے میں درخواست گزار نے اسپتالوں کی اصل حالت، مریضوں کی حالت، ہڑتال سے ہونے والے نقصان، مرنے والوں کی تعداد وغیرہ کا ذکر نہیں کیا ہے۔ اس معاملے میں کسی بھی ڈاکٹر کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت نہیں دی جا سکتی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS