کورونا کے پیش نظر30 ستمبر تک جاری رہے گی مفت راشن اسکیم :کجریوال سرکار

0

اظہار الحسن
نئی دہلی (ایس این بی) : کجریوال سرکارنے دہلی کے تقریباً 73 لاکھ لوگوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے ستمبر تک مفت راشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں مفت راشن کی تقسیم کی اسکیم کو 30 ستمبر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دہلی سرکار نے ان لوگوں کو یہ بڑی راحت دی ہے جو کووڈ-19 کی وبا کے دوران اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ کابینہ کے اس فیصلے سے دہلی کے 72,77,995 راشن کارڈ ہولڈروں کو 30 ستمبر 2022 تک مفت راشن ملتا رہے گا۔ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے بدھ کو منعقدڈیجیٹل پریس کانفرنس میںکہا کہ کورونا کے پیش نظر دہلی سرکار عوام کو مفت راشن دے رہی ہے۔اس اسکیم کو مزید 30 ستمبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ دہلی کے لوگوں کو آنے والے مہینوں میں بھی بالکل مفت راشن ملتا رہے گا۔ انہوںکہا کہ کورونا کے پیش نظر اب تک دہلی سرکار عوام کو مفت راشن دے رہی تھی۔ آپ کو راشن کی دکان سے جو راشن ملتا ہے وہ سرکاربہت کم پیسوں میں دیتی ہے، لیکن پچھلے کچھ سالوں سے دہلی سرکار وہ رقم بھی نہیں لے رہی تھی۔ اسکیم کو 30ستمبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اب آنے والے مہینوں میں بھی آپ کو بالکل مفت راشن ملتا رہے گا۔ اس سے پہلے آج دہلی سکریٹریٹ میں وزیر اعلی اروند کجریوال کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ ہوئی۔ جس میںکابینہ کے تمام وزرا ء موجود تھے۔ اس میں کئی تجاویز رکھی گئیں اور کابینہ نے ان پر بحث کی۔ وزیر خوراک و رسد عمران حسین کی جانب سے مفت راشن کی تقسیم کی اسکیم کو کابینہ میں آگے بڑھانے کے لیے تجویز پیش کی گئی۔ تجویز میں بتایا گیا کہ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ 2013 کے تحت ٹارگیٹڈ پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کے تحت دہلی میں 72,77,995 مستفیدین ہیں۔این ایف ایس اے کے مطابق، ہر استفادہ کنندہ (پی ایچ ایچ) کو 4 کلو گندم اور ایک کلو چاول دیا جاتا ہے۔ نیزاے وائی وائی کارڈ ہولڈر کو گندم اور چاول خریدنے کی اجازت ہوگی۔اضافی ایک کلو چینی بھی دی جاتی ہے۔ کووڈ-19 کا حوالہ دیتے ہوئے عمران حسین نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن وغیرہ جیسے احتیاطی اقدامات کی وجہ سے لوگوں کی روزی روٹی پر کافی اثر پڑا ہے۔ لوگوں کو کچھ راحت دینے کے لیے، دہلی سرکار این ایف ایس اے کے تحت تمام پی ڈی ایس استفادہ کنندگان میں مفت راشن تقسیم کرتی ہے۔ اس کے تحت اپریل 2020 سے نومبر تک2020 اور مئی 2021 سے اب تک مفت راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS