نئی دہلی
(اظہار الحسن؍ایس این بی)
دہلی کے سرکاری عہدیداروں کے لئے پیر کو ایڈوانس ڈاٹا انالائسس صلاحیت ترقی پروگرام شروع ہوا ۔ اس کا آن لائن افتتاح کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ ہمارے پاس ڈاٹا کی بھر مار ہوتی ہے۔ اس کا تجزیہ، دیکھ بھال اور پروسیسنگ کا طریقہ ایسا ہونا چاہئے کہ یہ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے میں ہماری مدد کرتا رہے۔
اس موقع پر منیش سسودیا نے کہا کہ اگر ہمیں یہ پتہ لگانا ہے کہ ایک سال کی عمر کے کتنے بچے دہلی میں ہیں، تو ہم اس بات کا تجزیہ کر پائیں گے کہ 6 سال بعد اسکولوں میں ہمیں پہلی جماعت کے لئے کتنے کلاس روم کی ضرورت ہوگی۔ اگر ہم یہ اندازہ لگائیں کہ آج پہلی جماعت میں کتنے بچے ہیں اور 12 سال کے بعد بارہویں جماعت کی کتنی نشستوں کی ضرورت ہوگی ، تو اس کے بعد کتنے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہوگی، اس کے مطابق پیشگی منصوبہ بندی بھی ممکن ہوگی۔ پلاننگ محکمہ کے افسروں کو اس کی گہری سمجھ ضروری ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے تمام محکموں ، وزراء اور افسر کے لئے ضروری ہے کہ ہر ڈاٹا ہمارے پلاننگ محکمہ کے پاس ہونا چاہئے۔ ہمارے پلاننگ محکمہ کے پاس ایسی اہل ٹیم ہو جو ہماری ضرورت کے مطابق دو گھنٹہ کے اند مہیا ہوسکے۔سسودیا نے کہا کہ اکثر ہم پالیسی میں ناکام ہونے کے بارے میں سنتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ منصوبے بناتے وقت افسروں کو یہ معلوم نہیں ہوتا ہے کہ اس کے کتنے لوگ مستفید ہوں گے اور کون لوگ ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ ایڈوانس ڈاٹاانالائسس کا یہی کام ہے جو ان چیزوں واضح کرنے میں مدد کرے۔
سسودیا نے کہا کہ آپ ڈاٹا کی جتنی زیادہ گہرائی میں جائیں گے ،آپ کو اتنا بہتر منصوبہ بنانے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد کن شعبوں کی ملازمتوں میں کیا تبدیلیاں آئی ہیں اور کن شعبوں میں امکانات بڑھے ہیں ، ایسے ڈاٹا بھی بہت مفید ہیں۔
منیش سسویا نے کہا کہ ہمارے پلاننگ محکمہ کو ایک ایکسپرٹ کی شکل میں بنانا ہوگا۔ سرکارکے سبھی محکموں کو ان کی ضرورت کے مطابق کلین ڈاٹا فوری طور پر فراہم کرانا آپ کا اہم رول ہے۔انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کو بہتر طور پر سمجھنے سے ہی عوامی مفاد میں بہتر منصوبے بنائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے دہلی کی ہمہ جہت ترقی کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کے لئے اعداد و شمار کے تجزیہ کی اچھی تفہیم تیار کرنے پر زور دیا۔
دہلی سرکار کے پلاننگ محکمہ سے جڑے 25 منصوبوں اور افسران کے لئے یہ صلایت ترقی پروگرام ایک ہفتہ جاری رہے گا۔ اس کا آغاز انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام شریک افسروں سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ٹرینرروںکا شکریہ ادا کیا۔ منیش سسودیانے کہا کہ اس تربیت سے ہمارے افسران کو ڈاٹا کے صحیح استعمال کی سمت ملے گی۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS