دہلی حکومت کاروباریوں کے لئے بنا رہی ہے’دلی بازار پورٹل‘:کیجریوال

0

نئی دہلی،(یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو کہا کہ ان کی حکومت دہلی کی ہمہ جہت ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے دنیا کا پہلا ’دلی بازار پورٹل‘ تیار کررہی ہے جہاں دہلی کا ہر چھوٹا بڑا کاروباری اپنا پروڈکٹ ڈسپلے کرسکے گا اور وہ اسے ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں فروخت کرسکے گا۔
مسٹر کیجریوال نے آج یہاں کہا کہ ہم ایک ’دلی بازار‘ پورٹل بنا رہے ہیں، جہاں دلی کے سبھی اقتصادی سرگرمیاں اور خدمات ایک پورٹل پر پوری دنیا کے سامنے ہوں گی۔ ہمیں امید ہے کہ اگلے سال اگست تک دہلی بازار پورتل بن کر تیار ہوجائے گا۔ دہلی کے ہر تاجر، صنعت کار، دوکاندار اور پیشہ ور پورٹل پر اپنا پروڈکٹ ڈسپلے کرسکے گا اور ان کا سامان پوری دنیا میں فروخت کرسکیں گے۔ آپ گھر بیٹھےہی اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون پر کسی بھی دکاندار کے اندر جاکر اس پروڈکٹ کو دنیا بھر میں لے جاسکتے ہیں۔ ساتھ ہی اسٹارٹ اپ کو بھی اپنے سامان کو پورٹل پر فروخت کرنے کا بہت بڑا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پورٹل کے آنے سے دہلی کی جی ڈی پی، اقتصادی سرگرمیاں، روزگار، ٹیکس محصولات میں بہت تیزی سے اضافہ ہوگا اور دہلی کی تیز تر ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل پر ایک ورچوئل مارکیٹ بنائی جا رہی ہے، جہاں آپ اپنی مصنوعات کو ملک اور دنیا کے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے آج یہاں پریس کانفرنس کرکے دہلی سمیت ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم دہلی کے اپنے تاجروں، صنعت کاروں، کاروباریوں کے کام کو بڑھانے کے لئے ایک نئی پہل کرنے جارہے ہیں۔ ہم ’دہلی بازار‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ تیار کر رہے ہیں، جس میں دہلی کے ہر صنعت کار، ہر چھوٹی اور بڑی دکان، ہر سروس فراہم کرنے والے اور پیشہ ور افراد کو اس میں جگہ ملے گی۔ اگر کوئی دکان کا مالک ہے، تو اس کی دکان میں کیا پراڈکٹس ہیں، وہ دہلی بازار کی ویب سائٹ پر ہر پروڈکٹ کو پیش کر سکتا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنی خدمات دہلی کے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک اور دنیا کے لوگوں تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
اس پورٹل پر ورچوئل مارکیٹس بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے دہلی میں خان مارکیٹ ہے۔ اس پورٹل پر ایک خان مارکیٹ ہوگی جو کہ خان مارکیٹ جیسی ہوگی۔ آپ اس پورٹل کے ذریعے اصل میں خان مارکیٹ گھوم سکتے ہیں۔ لاجپت نگر مارکیٹ ہے۔ پورٹل پر لاجپت نگر مارکیٹ بھی ہوگی۔ اسی طرح جو بازار ڈی ڈی اے کی چھوٹی کالونیوں کے اندر ہیں بشمول سروجنی نگر، حوض خاص مارکیٹ بھی اس پورٹل کے اندر ہوں گے۔ آپ اس پورٹل کے ذریعے اس بازار کے اندر جا سکتے ہیں اور اگر آپ اس دکان سے کچھ خریدنا چاہتے ہیں، تو آپ اس دکان پر جا کر سامان کی خریداری کر سکتے ہیں۔ اس طرح اس پورٹل کے بہت سارے فائدے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ میں سمجھ رہا ہوں کہ دنیا میں پہلی بار ایسا پورٹل بنایا جا رہا ہے کہ دہلی کی تمام اقتصادی سرگرمیاں، دہلی کی تمام خدمات ایک پورٹل پر ہوں گی اور وہ پوری دنیا کے سامنے ہوں گی۔ دہلی کے لوگ اسے خرید سکتے ہیں، علاقے کے لوگ بھی اسے خرید سکتے ہیں، ملک کے لوگ بھی اسے خرید سکتے ہیں اور دنیا کے لوگ بھی اسے خرید سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS