نئی دہلی (محمد اسلم/ایس این بی):تینوں میونسپل کارپوریشن میں سے شمالی اور مشرقی دہلی کارپوریشن کے 5وارڈوں پر ہوئے ضمنی انتخابات عام آدمی پارٹی کو شاندار جیت ملی ہے۔ دہلی حکومت میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کے امیدواروں نے5وارڈوں میں سے 4وارڈوں میں شاندار فتح حاصل کی ہے،جبکہ مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کے چوہان بانگر وارڈ پر کانگریس کے امیدوار نے قبضہ جمایا ہے، جبکہ اس ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو کوئی سیٹ نہیں ملی ہے۔ کارپوریشن وارڈ کے یہ انتخابات عام آدمی پارٹی کیلئے بہت اہم مانے جارہے تھے اور یہی وجہ رہی کہ عام آدمی پارٹی نے ان انتخابات میں اپنی پوری طاقت جھونکی ہوئی تھی، کیونکہ ان ضمنی انتخابات کے بعد عام آدمی پارٹی پر امید ہے کہ آئندہ 2022 کے کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو ہی دہلی حکومت کی طرح دہلی کی تینوں میونسپل کارپوریشن میں اقتدار حاصل ہو جائے گا۔
شمالی کارپوریشن کے روہنی وارڈ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار رام چندرنے اپنے حریف بی جے پی کے امیدوار راکیش گوئل سے کل ووٹوں میں سے2985زائد ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی، اسی طرح شالیمار باغ وارڈ سے ’آپ‘ امیدوار سنیتا مشرا نے اپنی حریف بی جے پی کی امیدوار سربھی جاجو سے9764زائد ووٹ حاصل کرکے جیت حاصل کی۔ اس کے علاوہ ای ڈی ایم سی کے کلیان پوری وارڈ سے ’آپ‘ امیدوار دھیریندر کمار نے اپنے حریف بی جے پی کے سیا رام کنوجیا سے 7043 زائد ووٹ حاصل کرکے، جبکہ ترلوک پوری سے ’آپ‘ امیدوار وجے کمار نے اپنے حریف بی جے پی کے اوم پرکاش سے4986 زائد ووٹ حاصل کرکے اس ضمنی انتخابات میں شاندار فتح حاصل کی۔ اس ضمنی انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کی سب سے زیادہ توجہ کا مرکز ای ڈی ایم سی کا چوہان بانگر وارڈ رہا، کیونکہ اس وارڈ میں عام آدمی پارٹی نے سیلم پور اسمبلی حلقہ کے سابق ممبر اسمبلی حاجی اشراق خاں کو کارپوریشن کے ضمنی انتخابات میں اپنی پارٹی سے امیدوار بنا کر انتخابی میدان میں بھیجا تھا ،لیکن حاجی اشراق خاں انتخابی میدان میں ایک نوجوان کانگریس کے امیدوار چودھری زبیر احمد سے شکست کھا گئے، چوہان بانگر وارڈ پچھلے دو ٹرم سے عام آدمی پارٹی کے پاس تھا، سال 2012 سے 2017تک اس وارڈ پر سیلم پور حلقہ سے موجودہ ممبر اسمبلی عبدالرحمن کی اہلیہ اسمارحمن کا قبضہ رہا اور 2017کے کارپوریشن انتخابات میں اس وارڈ پر عبدالرحمن نے قبضہ کر لیا اور عبدالرحمن کے ذریعہ گزشتہ 2020میں اسمبلی انتخابات میں فتحیابی کے بعد یہ وارڈ سیٹ خالی ہو گئی تھی۔
حاجی اشراق اس ضمنی انتخابات میں ویسے تو دوسرے مقام پر رہے، لیکن اس انتخابات میں صرف5561ووٹ ہی حاصل کر سکے، جبکہ کانگریس کے امیدوار چودھری زبیر احمدنے کل ووٹوں میں سے 16203 حاصل کرکے چوہان بانگر سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار کو شکست دیتے ہوئے قبضہ کرلیا۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے امیدوار سے10642زائد ووٹ حاصل کرکے یہ فتح حاصل کی، جبکہ بی جے پی کے امیدوار محمد ناظر کل ووٹوں میں سے105ووٹ ہی حاصل کر پائے اور وہ اپنی ضمانت کو بھی نہ بچا سکے۔
دریں اثنا ضمنی انتخابات میں ملی شاندار جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور اے اے پی کے سربراہ اروند کجریوال نے رائے دہندگان کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ دہلی کے عوام نے ایک بار پھر ’کام کے نام‘ پر ووٹ کیا ہے۔ مسٹر کجریوال نے ٹویٹ کیاکہ دہلی کے عوام نے ایک بار پھر ’کام کے نام‘ پر ووٹ دیا ہے ۔ سبھی کو مبارکباد۔وہیں نائب وزیراعلیٰ اور اے اے پی کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے ان ضمنی انتخابات کے نتائج پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم سی ڈی ضمنی الیکشن میں5 میں سے 4 وارڈوں پر جیت حاصل کرنے پر اے اے پی کارکنان کو مبارکباد۔ بی جے پی کی حکومت سے دہلی کے عوام اب ناراض ہو چکے ہیں۔ آئندہ برس ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات میں عوام اروند کجریوال جی کی ایماندار اور کام کرنے والی سیاست کو لے کر آئیں گے ۔ (متعلقہ خبریں اپنا شہر پر)

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS