بی جے پی اب ایم سی ڈی کے اسکولوں کی عمارت بیچ رہی ہے

0

نئی دہلی( ایس این بی ) : عام آدمی پارٹی کے چیف ترجمان سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اب پرائیویٹ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ دہلی میونسپل کارپوریشن اسکولوں میں چلیں گے۔ بی جے پی اب ایم سی ڈی کے اسکولوں کی عمارت بیچ رہی ہے۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی نے 36 میں سے 14 اسکولوں کو پرائیویٹ کوچنگ سینٹرز کو فروخت کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں سوربھ بھاردواج نے بدھ کو کہا کہ بی جے پی اب سرکاری اسکولوں کی اہم جگہ بیچ کر دہلی میونسپل کارپوریشن سے بھاگنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں نریلا ، سٹی صدر پہاڑ گنج زون ، سول لائن زون اور کرول باغ زون میں اسکول فروخت کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال سرکار بجٹ کا 25 فیصد تعلیم پر خرچ کرتی ہے جبکہ ایم سی ڈی تعلیم پر صرف 1.5 فیصد خرچ کرتی ہے۔ جہاں ہر سال دہلی کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کا داخلہ بڑھ رہا ہے وہیں ایم سی ڈی کے اسکولوں میں پڑھنے والے بچے 3 لاکھ سے کم ہو کر 2.30 لاکھ رہ گئے ہیں۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کے کئی اسکولوں میں صرف 30-40 بچے ہیں۔ یعنی جہاں چھوٹے بچوں کے اندراج میں اضافہ ہونا چاہیے تھا وہیں 70 ہزار کم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں 2019 میں 15.05 لاکھ طلبا تھے جو 2020-21 میں بڑھ کر 16.28 لاکھ طلباء تک پہنچ گئے۔ اس سال داخلہ کا عمل اب بھی جاری ہے ، اس کے باوجود اب تک 17.67 لاکھ بچے داخل ہو چکے ہیں۔ اس سال دہلی کے سرکاری اسکولوں میں داخلے کے لیے بچوں سے 2,36,522 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جن میں سے اب تک 1,58,484 بچے داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے اندر میونسپل کارپوریشن صرف ڈیڑھ فیصد پیسہ صرف تعلیم پر لگا رہی ہے۔ بھاردواج نے کہا کہ ان اسکولوں کو چلانے کے لیے ان کے پاس طلبا بھی نہیں ہیں۔ بی جے پی دہلی کے ریاستی صدر آدیش گپتا ، بتائیں کہ کیا وجہ ہے کہ بی جے پی کے ایم سی ڈی کے اسکولوں میں تعلیمی کی حالت تنی خراب ہے؟

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS