دیپکا کا انکشاف، کب اور کیوں جینا نہیں چاہتی تھی؟

0
Image: DNA India

ممبئی ( ایجنسی) :بالی وڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ڈپریشن کے دوران ذہن میں پیدا ہونے والے منفی خیالات سے پردہ اٹھادیا۔ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھارت کے معروف کوئز شو’کون بنے گا کروڑ پتی‘میں شریک ہوئیں اور میزبان امیتابھ بچن سے ڈپریشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مختلف انکشافات کیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ’مجھ میں 2014 میں ڈپریشن کی تشخیص ہوئی تھی، میں پریشان تھی کیوں کہ لوگ اس بارے میں بات نہیں کرتے تھے، یہ ایک بدنما داغ تھا جس کے بارے میں لوگ زیادہ نہیں جانتے تھے، اس دوران مجھے محسوس ہوا کہ میری طرح بہت سے لوگ ہیں جو اس ذہنی کیفیت کا تجربہ کررہے ہیں۔‘دپیکا نے بتایا کہ ’ اچانک ہی میں عجیب سے جذبات محسوس کرنے لگتی تھی،ایک خالی پن سا محسوس ہوتا تھا، مجھے کسی سے ملنا یا باہر جانا یا کچھ بھی کرنا اچھا نہیں لگتا تھا، مجھے لگتا تھا کہ میرے جینے کا کوئی مقصد نہیں ہے ، میں جینا نہیں چاہتی تھی۔‘
دپیکا نے بتایا کہ ’میرے والدین ایک مرتبہ مجھ سے ملنے ممبئی آئے اور جب وہ ائیر پورٹ کے لیے روانہ ہونے لگے تو میں نے اچانک رونا شروع کردیا جس پر میری والدہ نے محسوس کیا کہ میرے ساتھ کچھ غلط ہورہا ہے کیوں کہ میرا رونا عام طور پر رونے جیسا نہیں تھا والدہ نے مجھے ماہر نفسیات سے ملاقات کا مشورہ دیا اور میں نے ایسا ہی کیا جس کے کئی ماہ بعد میں صحتیاب ہوگئی۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS