پروانہ ردولوی کی شاعرانہ عظمتوں کو ڈی ڈی اردو کا سلام

0

مجازؔ، ساحرؔ، کیفیؔ اور علی سردار جعفری کے ساتھ پروانہ ردولوی بھی نظر آئیں گے ڈی ڈی اردو پر
نئی دہلی (پریس ریلیز) پروانہؔ ردولوی نہ صرف ایک بے باک اور نڈر صحافی تھے بلکہ وہ ایک کہنہ مشق اور خوش فکر شاعر بھی تھے۔دہلی دوردرشن (ڈی ڈی اردو) نے اپنے خاص پروگرام ’شعر و سخن‘ کا ایک پورا ایپی سوڈ پروانہؔ ردولوی کی شخصیت اور شاعری پر بنایا ہے جسے 13مئی 2022بروز جمعہ، رات ساڑھے نو بجے ڈی ڈی اردو پر ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ اسی پروگرام کو دوبارہ اگلے دن یعنی 14مئی 2022 بروز ہفتہ، دوپہرڈیڑھ بجے بھی دیکھا جا سکے گا۔ پروانہؔ ردولوی نہ صرف ایک بے باک صحافی تھے بلکہ ایک بلند پایہ ادیب اور شاعر بھی تھے۔ صحافت سے سیاست تک، ادب سے تاریخ تک،تہذیب سے تکنیک تک وہ کون سا گوشہ تھا جہاں پروانہؔ ردولوی کی نظر نہ تھی۔ صحیح معنوں میں وہ قلم کے سپاہی تھے، ایک ایسا سپاہی جس نے قلم کی آبرو کو جان ودل سے عزیز رکھا۔ قلم کو اس نے ذریعہء معاش ضرور بنایا لیکن قلم سے تلوار کا کام بھی لیا۔ قلم سے مظلوموں کی حمایت کی،محکوموں کی وکالت کی، صداقت کی پیروی کی اور اہل اقتدار کی نیند بھی حرام کی۔انھوں نے کسی حد تک اردو میں پروفیشنل جرنلزم کی بنیاد ڈالی۔ مولانا ظفر علی خاں، مولانا ابوالکلام آزاد اور مولانا عبدالوحید صدیقی نے اردو صحافت میں زبان کے جس معیار کو قائم کیا تھا، پروانہؔ ردولوی نے اس کی لاج بچائے رکھی۔ شاہنامہء کربلا جیسی طویل نظم کے خالق پروانہؔ رْدولوی کی اولادوں میں سید محمد محسن،سید عفیف احسن اور جانے مانے شاعر و ٹی وی جرنلسٹ تحسین منورؔنے بھی صحافت کی دنیا میں ممتاز مقام حاصل کیا ہے۔پروانہؔ رْدولوی ایک بھرپر اور بامقصد زندگی گزار کر 12اپریل 2008کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ چونکہ ان کی اصل پہچان صحافی کی ہے اس لئے بہت ضروری تھا کہ بطور شاعر ان کی خدمات کا جائزہ لیا جائے۔ یہ کام ڈی ڈی اردو نے کیا ہے۔ دور درشن پہ ان دنوں اردو پروگرام ’’شعر و سخن‘‘ کے خوب چرچے ہیں۔ اس پروگرام کے پروڈیوسر ڈائریکٹر خالد اعظمی ہیں۔ اس پروگرام کے اینکر ڈاکٹر شفیع ایوب ہیں۔ پروانہؔ رْدولوی کے چھوٹے بیٹے تحسین منورؔ نے اپنے والد کی شخصیت اور شاعری پر ڈی ڈی اردو کی جانب سے خاص پروگرام پیش کرنے کے لئے دوردرشن کے اعلیٰ حکام اور پروڈیوسر خالد اعظمی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اب تک مخدوم محی الدین، جاں نثار اختر، اختر الایمان، مجروح سلطان پوری، ساحر لدھیانوی، وامق جونپوری، علی سردار جعفری، مجاز، سلام مچھلی شہری، کیفی اعظمی، غلام ربانی تاباں، معین احسن جذبی، انجم انصاری، ظفر گورکھپوری، کنور مہندر سنگھ بیدی سحر، کلیم عاجز،شہریار،گوہر عثمانی،قیصر الجعفری، کرشن بہاری نور، جے پی سعید، ندافاضلی، دواکر راہی، عنبر بہرائچی، عرفان صدیقی،پروانہؔ رْدولوی،وغیرہ پر شوٹنگ ہو چکی ہے۔ یہ پروگرام ڈی ڈی اردو پر ہر جمعہ کو رات ساڑھے نو بجے اور ہر سنیچر (ہفتہ) کو دن میں ایک بجکر تیس منٹ پر نشر کیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS