فرانس  کے صدر ایمونل میکرون کے خلاف دارالعلوم نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا

0

دیوبند (سہارنپور): ہندوستان کے معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے خلاف  توہین آمیز خاکوں کی حمایت کرنے پرفرانس کے صدر ایمونل میکرون کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا  ہے۔
دارالعلوم کے مولانا مفتی عبدالقاسم نعمانی نے جمعہ  کو  بیان جاری کرکے کہا ہے کہ یہ فرانس کی اسلام سے دشمنی  کی علامت ہے۔ ان  کا مطالبہ ہے کہ اس مسئلہ پراسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)فرانس کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
پوری  دنیا میں  مسلم جمہوری  اقدار  کے نام پر صدر امینوئل میکرون کے سخت رویہ کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔  پیغمبر  اسلام کا  خاکہ بنانے  والے فرانس کے استاذ کے قتل کے بعد میکرون کے اسلام کے تئیں رویہ میں تبدیلی سے مسلمان ناراض  ہیں۔
مولانا  نعمانی نے  کہا کہ ’’یہ اسلامک ممالک  اور ممالک  کے سربراہ  کی ذمہ داری ہے کہ وہ  اس مسئلہ پرفرانس کے خلاف مضبوط  حکمت عملی تیار کریں اوراسے مضبوطی کے ساتھ  بین الاقوامی  اسٹیجوں پر اٹھایا  جائے۔ او آئی سی، عرب لیگ اور  دوسرے مسلم  ممالک  کو حکومت  فرانس  کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔‘‘
انہوں نے  کہاکہ ہندوستان تنوع  میں یکجہتی کی  بہترین مثال  پیش کرتا ہے اور ہماری روایت ہے کہ یہاں سبھی مذاہب اوراس  کے رہنماؤں کی عزت کی جاتی ہے۔ انہوں نے  مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ  ملک  کے مسلمانوں کے جذبات کی قدر  کرتے ہوئے وہ  ان کی آواز بلندکریں۔
میڈیا رپورٹوں  کے مطابق علی گڑھ مسلم  یونیورسٹی کے طالب علموں نے فرانس کے صدر کے ذریعہ پیغمبر اسلام صلی اللہ  علیہ وآلہ وسلم کے خاکوں کی حمایت  کرنے کی مخالفت میں  مارچ نکالا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS