نومبر8 سے دربھنگہ سے شروع ہوگی پرواز

0

نئی دہلی (یو این آئی)
 بہار کے دربھنگہ ہوائی اڈے سے آئندہ 8 نومبر سے دہلی ، ممبئی اور بنگلور کیلئے پروازیں شروع ہوں گی۔سستی ایئرلائن کمپنی اسپائس جیٹ ان راستوں پر پرواز شروع کرے گی۔ ٹکٹ کی بکنگ شروع ہوگئی ہے۔ حکومت کی علاقائی رابطہ اسکیم ’اڑان‘کے تحت ایئر لائنز کیلئے ان راستوں کو مختص کیا گیا تھا۔ اسپائس جیٹ نے آج کہا کہ تمام راستوں پر ایک طرف کا کرایہ 3799روپے سے شروع ہوگا، جس میں تمام ٹیکس اور فیس شامل ہو گی۔ دربھنگہ 55ویں گھریلو منزل ہے، جو ایئر لائن کے نیٹ ورک میں شامل ہوئی ہے ۔ ان راستوں پر بوئنگ 737-800 طیارے چلائے جائیں گے ۔دربھنگہ بہار کا پانچواں سب سے بڑا شہر اور متھلانچل خطے کا مرکز ہے۔ یہاں سے پرواز شروع کرنے سے مظفر پور ، مدھوبانی ، سمستی پور ، سیتا مڑھی ، چمپارن ، سہرسہ اور پورنیہ اضلاع کے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا، جنہیں اب بھی ہوائی سفر کیلئے پٹنہ جانا پڑتا ہے۔ نیپال سے رابطہ یہاں سے بھی آسان ہوجائے گا۔اسپائس جیٹ نے بتایا کہ یہ تمام پروازیں ہفتے میں 7 دن دستیاب ہوں گی۔ ممبئی سے دربھنگہ کیلئے فلائٹ صبح 9.40 بجے روانہ ہوگی اور دوپہر 12.10پر پہنچے گی اور واپسی کی پرواز ممبئی کیلئے دوپہر 12.40بجے روانہ ہوگی۔بنگلورو سے آنے والی فلائٹ صبح 8.45 بجے دربھنگہ کیلئے اڑان بھرے گی اور واپسی میں شام 4.25بجے بنگلورو کیلئے روانہ ہوگی۔ دہلی جانے والی فلائٹ صبح 11.45 بجے دربھنگہ سے روانہ ہوگی اور واپسی کی پرواز دہلی سے داربھنگہ کیلئے صبح 1.30 بجے اڑان بھرے گی۔دیوالی اور چھٹھ سے پہلے شروع ہونے والی اس فلائٹ سے متھلانچل کے لوگوں کو کافی راحت ملے گی۔ عام دنوں میں بھی بہار کیلئے ٹرینوں اور طیاروں میں ٹکٹ حاصل کرنا بہت مشکل ہے۔ تہواروں کے دوران خاص طور پر چھٹھ کے دوران مانگ میں اضافہ ہوتا ہے ۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS