احمد آباد : ( یواین آئی) بحیرہ عرب میں اٹھے انتہائی شدید’تاؤ تے‘طوفان آج رات 8 بجکر 11 بجے کے درمیان گجرات کے مہووا (بھاؤ نگر) اور پوربندر کے درمیان ساحل پر ٹکرانے کی پیش گوئی کی ہے۔
اس سے قبل 18 مئی کی صبح ساحل پر پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے بلیٹن کے مطابق یہ طوفان آج صبح 5.30 بجے گجرات کے ویراوال ساحل سے 290 کلومیٹر جنوب جنوب مشرق میں واقع تھا اور 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا تھا۔ اس کے گجرات کے ساحل سے قر یب پہونچنے کے دوران ہوا کی رفتار 155 سے 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ، بھاؤ نگر کے علاوہ ، گیر،سوم ناتھ ، امریلی ، پوربندر ، احمد آباد ، وڈوڈرا ، بھروچ ، ولساد وغیرہ میں بھی بھاری سے بہت تیز بارش ہوسکتی ہے۔ طوفان کے اثر کی وجہ سے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے 33 میں سے 21 اضلاع کے 84 تعلقہ میں بارش ہوئی ہے۔ ان میں سے چھ اضلاع میں 25 ملی میٹر یا ایک انچ سے زیادہ بارش ہوئی۔ ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گذشتہ روز وزیر اعلی وجے روپانی سے طوفان سے بچاؤ اور امدادادی کاموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی تھی۔ وہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
طوفان کے پیش نظرریاست میں آج اور کل کو کورونا ٹیکوں کے کام کو مکمل طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق کاموں کو نگرانی کررہے محکمہ ریونیو کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پنکج کمارنے بتایا کہ امدادی کاموں کے لئے این ڈی آر ایف کی 41 اور ایس ڈی آر ایف کی 10 ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ آج صبح 6 بجے تک 17 اضلاع کے 655 دیہات سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس دوران کورونا سے متعلق تمام پروٹوکول کی پیروی کی گئی ہے۔ طوفان سے متاثرہ اضلاع میں کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں۔ ممکنہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر اثرانداز ہونے کے امکان کے پیش نظر ضروری بجلی کے بیک اپ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کی 388 ٹیمیں اور ریونیو افسران کی 319 ٹیمیں بھی تعینات کردی گئی ہیں۔ 161 آئی سی یو ایمبولینسیں اور 1086 ایمبولینسز کی 576 ایمبولینسیں بھی مریضوں کو مفت اسپتال منتقل کرنے کے لئے تعینات کی گئیں ہیں۔ آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھنے کے لئے سڑکوں پر گرین کوریڈورز تیار کردیئے گئے ہیں۔
تاؤتے سے زبردست اتھل پتھل کے سبب ماہی گیروں کو پانچ دن کے لئے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سینکڑوں کشتیاں بھی واپس بلائی گئیں۔ گجرات کے ویروال ، پپپ واؤ ، جعفرآباد وغیرہ کی بندرگاہوں پر انتہائی شدید قسم کے نمبر 10 کا انتباہی سگنل لگایا گیا ہے۔ پوربندر ، سکا ، نولکھی ، بیڈی ، نیو کانڈلہ ، مانڈوی اور جاکھو کی بندرگاہوں پر آٹھ نمبر کا سگنل ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ طوفان ، تیز بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں کچے ، پکے مکانات ، سڑکیں ، بجلی کے کھمبے ، درخت اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں ، ماہی گیر سمندر میں نہ جائیں ، سڑک اور ریل ٹریفک کو کنٹرول کریں ، طوفان کے دوران لوگوں کو اپنے اپنےگھروں میں رہنے کا مشورہ دیاگیا ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر 2700 سے زیادہ ہورڈنگز اور 667 عارضی ڈھانچوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
’تاؤ تے‘کا آج رات گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS