مہاراشٹر اور گجرات میں اب طوفان’شاہین‘کا خطرہ،

0
image:timesnow

ممبئی(ایجنسیاں) : سمندری طوفان ’گلاب‘کا قہر ابھی ختم نہیں ہوا کہ ایک اور طوفان ’شاہین‘ کے خطرہ نے مہاراشٹر اور گجرات کے لوگوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ وہیں اس کا اثر مغربی بنگال میں بھی دیکھا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ’شاہین‘ بحرعرب میں اٹھے گا اور مہاراشٹر-گجرات کے سمندری علاقوں میں اثر دکھائے گا۔ اس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے گجرات کے 20 اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ دوسری جانب خلیج بنگال میں بننے والا طوفان مغربی بنگال کے قریب پہنچ گیاہے۔ اس کی وجہ سے کولکاتا کے علاوہ شمالی اور مغربی چوبیس پرگنہ سمیت کئی حصوں میں تیز بارش شروع ہوگئی ہے۔ لگاتا ر بارش کی وجہ سے کولکاتا شہر کے کچھ حصوں میں پانی بھرگیا ہے۔اس کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگئی۔کولکاتاشہر کے پرانے محلوں میں پانی بھر گیا ہے۔سرکاری اور پرائیوٹ بسیں بھی کم چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے آمد ورفت میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن نے راستوں سے پانی نکالنے کیلئے بڑی تعداد میں پمپ لگائے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوڑہ کے علاوہ مشرقی اور مغربی مدنی پور، بانکوڑا، جھاڑگرام اور پرولیا میں بھی بہت ہی زیادہ بارش ہوئی ہے۔ ہگلی، شمالی اور جنوبی 24پرگنہ ، مشرقی اور مغربی بردوان اور بیربھوم میں بھی بارش ہوئی ہے۔ جمعرات کو پررولیا ، بانکوڑہ اور مغربی بردوان اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ تاہم جنوبی بنگال کے بیشتر اضلاع میں جمعرات سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔ کولکاتا شہر کے بھوانی پور اسمبلی حلقے میں کل ضمنی انتخاب ہونے ہیں ۔یہاں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی امیدوار ہیں ۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بارش جاری رہنے کی صورت میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔تمام پولنگ مراکز سے کہا گیا کہ اگر پولنگ مراکز پر پانی جمع ہوگیا ہے تو اسے جلد سے جلد پمپوں سے نکالا جائے۔ اس کے علاوہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار کو برساتی کوٹ اور چھتری لے جانے کیلئے کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ’گلاب‘ طوفان کی وجہ سے مہاراشٹر کے مراٹھ واڑہ اور ودربھ کے کچھ علاقوں میں زبردست بارش جاری ہے۔ گزشتہ 2دنوں میں ہوئی بارش نے 8اضلاع کو کافی نقصان پہنچایاہے۔ مہاراشٹر کے ممبئی، تھانے اور پونے اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ممبئی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج راجستھان کے کئی حصوں میں بھی تیز بارش ہوسکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS