رات میں کرفیو اور دن میں ریلی سمجھ سے پرے:ورون

0

لکھنؤ:(یواین آئی) بی جے پی رکن پارلیمان ورون گاندھی نے بڑھتے کورونا انفکشن کی وجہ سے رات میں کرفیو نافذ کرنے کے فیصلے پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ رات میں کرفیو کا نفاذ اور دن میں ریلیوں میں لاکھوں افراد کو بلانا یہ عام شہری کی سمجھ سے پرے ہے۔ ورون نے پیر کو اس ضمن میں ٹوئٹ کیا اور لکھا’رات میں کرفیو کا نفاذ اور دن میں ریلیوں میں لاکھوں افراد کو بلانا، یہ عام شہری کی سمجھ سے پرے ہے‘۔انہوں نے کہا کہ’یوپی کی محدود طبی سہولیات کے پیش نظر ہمیں ایمانداری سے یہ طئے کرنا پڑے گا کہ ہماری مہلک اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنا ہے یا انتخابی طاقت کا مظاہرہ‘۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2022 میں یوپی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی اور سماج وادی پارٹی(ایس پی)سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیاں ریلیوں اور یاتراؤں کے ذریعہ زور و شور سے انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔وہیں دوسری جانب ملک میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے اترپردیش میں 25دسمبر کی رات سے شبینہ کرفیو نافذ کیا گیا ہے جو رات 11بجے سے صبح پانچ بجے تک نافذ العمل ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS