CUET کا چوتھا مرحلہ: آخری لمحے میں ایگزام سینٹر بدلنے سے طلبا پریشان

0

نئی دہلی (ایس این بی) آخری وقت میں امتحان کے مراکز کے بدلنے سے اور دوبارہ امتحان کے آپشن کے بارے میں کوئی وضاحت نہ ہونے کی وجہ سے طلبا کو پریشان ہونا پڑا۔ جمعرات کو سینٹرل یونیورسٹی کے داخلہ امتحان (CUET)گریجویشن کے چوتھے مرحلے کے دوسرے دن طلبا الجھن کا شکار رہے۔ جمعرات کو پہلی شفٹ کا امتحان منعقد کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے 8600 سے زیادہ امیدواروں کے متاثر ہونے کے بعد بدھ کو 13 مراکز پر امتحان منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں امیدوار نیہا سنگھل نے کہا کہ میری معلوماتی پرچی میں میرے ذریعہ منتخب کردہ شہر کو امتحانی مرکز شہر میں دکھایا گیا تھالیکن میرے ایڈمٹ کارڈ میں امتحانی مرکز 150 کلومیٹر دور بتایا گیا تھا اور صبح 8.30 بجے وہاں داخلہ بند کردیا گیا تھا۔ میں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی۔
ایک اور امیدوار انجلی مشرا نے کہا کہ کل دوپہر تک میرے ایڈمٹ کارڈ میں کوئی اور سینٹر نظر آ رہا تھا اور آج کوئی اور سینٹر نظر آ رہا ہے۔ مجھے آخری وقت کی کسی تبدیلی کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا ہے۔ میں یہ بھی نہیں جانتی کہ آیا مجھے دوبارہ امتحان میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے کہا تھا کہ بدھ کو تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے متاثر ہونے والے امیدواروں کو 25 اگست کو دوبارہ حاضر ہونے کا موقع ملے گا۔
چوتھے مرحلے کے امتحان میں CUET کے مزید 11,000 ٹیسٹ دینے والے طلبا کو 17 سے 20 اگست تک شامل ہونا ہے لیکن ان کے لیے امتحان 30اگست کے لیے ٹال دیاگیا ہے تاکہ امتحان مراکز ان کی پسند کے شہر میں دیے جاسکیں۔ ابتدائی منصوبہ کے مطابق سی یو ای ٹی-یوجی کے سبھی مراحل کو امتحان 20اگست تک ختم ہونے ہیں۔
امتحان کا انعقاد کرنے والی قومی امتحان ایجنسی (این ٹی اے) نے بعد میں اعلان کیا کہ امتحان کے سبھی مراحل 28اگست تک مکمل ہوجائیںگے لیکن اب پروگرام کو پھر آگے بڑھا دیاگیا ہے اور اب امتحان کو 6مراحل میں تقسیم کیاگیا ہے۔ سی یو ای ٹی امتحان کے دوسرے مرحلہ میں تکنیکی گڑبڑی کے سبب کئی مراکز پر امتحان کو رد کرنا پڑا تھا۔ یوجی سی کے سربراہ جگدیش کمار نے کہا تھا کہ ’گڑبڑی‘ کے اشاروں اور رپورٹ کے بعد مختلف مراکز پر امتحان رد کردیے گئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS