رونالڈو کو مداح کا موبائل فون پھینکنا مہنگا پڑ گیا

0

دوحہ (ایجنسیاں) : پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر مداح کے ہاتھ سے اس کا موبائل فون نیچے پھینکنے پر 2 ڈومیسٹک میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔رواں سال اپریل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب ایورٹن کے ہاتھوں شکست کے بعد میدان سے ڈریسنگ روم میں جاتے ہوئے تماشائیوں میں موجود ویڈیو بنانے والے ایک مداح کے فون پر غصے سے ہاتھ مار کر موبائل نیچے پھینک دیا تھا۔بعد ازاں رونالڈو نے فین کے ساتھ کیے اپنے عمل پر انسٹاگرام پر معافی بھی مانگی تھی۔تاہم اس واقعہ کی تحقیقات جاری تھی جو اب مکمل ہوگئی ہے، جس کے بعد فٹبال ایسوسی ایشن نے رونالڈو پر 2 ڈومیسٹک میچز کی پابندی کے ساتھ 50 ہزار پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کردیا۔فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق رونالڈو پر 2 میچز کی پابندی ڈومیسٹک سطح پر ہونے والے کلب میچز کے لیے ہے ، انٹرنیشنل میچز پر ان کی یہ پابندی اثر انداز نہیں ہوگی اور وہ ورلڈکپ میں پرتگال کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ چمپئنز لیگ کے میچز پر بھی اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے راہیں جدا کرلیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ دنوں دیے گیے ایک متنازع انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے جس میں رونالڈو نے کلب پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ میرے دل میں کلب کے منیجر کے لیے کوئی عزت نہیں ہے۔انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی رونالڈو کے کلب چھوڑنے کی تصدیق کردی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS