نئی دہلی(ایجنسیاں)
بی جے پی) نے گجرات اسمبلی انتخابات میں ریکارڈ 156 سیٹیں جیت کر ریاست میں مسلسل ساتویں مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ وہیں کانگریس نے 17 اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے 5 سیٹیں جیتیں۔ آزاد امیدواروں نے 3اور سماج وادی پارٹی نے ایک سیٹ جیتی۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اے ڈی آر) اور گجرات الیکشن واچ کے مطابق، 182 رکنی گجرات اسمبلی میں 40 نو منتخبممبران اسمبلی کے انتخابی حلف ناموں کے مطابق ان کے خلاف فوجداری مقدمات زیر التوا ہیں۔ ان 40 ممبران اسمبلی میں سے 29 ممبران (کل 182 کا 16 فیصد) سنگین مجرمانہ مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، جیسے قتل اور عصمت دری کی کوشش۔ 29 ارکان میں سے 20 بی جے پی، 4 کانگریس، دو عام آدمی پارٹی،2آزاد اور ایک سماج وادی پارٹی سے ہے۔
اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کے 156 میں سے 26 ممبران اسمبلی (17 فیصد)، کانگریس کے 17 ممبران اسمبلی میں سے 9 (53 فیصد)، اے اے پی کے 5میں سے 2 (40 فیصد)، 3 میں سے2آزاد (68 فیصد) صد) کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے واحدممبر اسمبلی کندھل جڈیجہ نے بھی اپنے خلاف فوجداری مقدمات زیر التوا ہونے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ اے ڈی آر انتخابی اصلاحات کے لیے کام کرتا ہے اور تمام 182 نو منتخب ممبران اسمبلی کے حلف ناموں کا تجزیہ کرنے کے بعد ایسی رپورٹیں تیار کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2017 کے مقابلے میں مجرمانہ مقدمات کا سامنا کرنے والے ممبران اسمبلی کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ پچھلی اسمبلی میں 47 منتخب ارکان کو ایسے مقدمات کا سامنا تھا۔کم از کم3 جیتنے والے امیدواروں نے اعلان کیا ہے کہ انہیں تعزیرات ہند کی دفعہ 307 کے تحت قتل کی کوشش کے مقدمات کا سامنا ہے۔ یہ امیدوار ونسدا سے کانگریس ممبر اسمبلی اننت پٹیل، پٹن سے کانگریس ممبر اسمبلی کریت پٹیل اور اونا سے بی جے پی ممبر اسمبلی کالو بھائی راٹھور ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ4جیتنے والے امیدواروں نے آئی پی سی سیکشن 354 (خواتین کی توہین) یا سیکشن 376 (ریپ) کے تحت خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق مقدمات کا اعلان کیا ہے۔ اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق، گجرات کے کل 151 ممبران اسمبلی کروڑ پتی ہیں۔ یہ ارکان اسمبلی کی کل تعداد کا 83 فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کے پاس 132 کروڑ پتی ممبران اسمبلی ہیں، اس کے بعد کانگریس کے پاس 14، تینوں آزاد اور عام آدمی پارٹی اور سماج وادی پارٹی کے ایک ایک کروڑ پتی ہیں۔ ان 151 کروڑ پتی میں سے 73 کے پاس 5 کروڑ سے زیادہ اور 73 کے پاس 2 کروڑ سے 5 کروڑ کی جائیدادیں ہیں۔
گجرات اسمبلی کے 40 ممبران کے خلاف فوجداری مقدمات، 151کروڑ پتی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS