حیدرآباد میں کوویڈ مریضوں کیلئے صدر مجلس کا پیکیج

0

ہیلپ لائن،آکسیجن بینک کا قیام اورمیڈیکل کٹس کی فراہمی
حیدرآباد: (یواین آئی) حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے حیدرآباد میں کوویڈ سے لڑنے کے لئے 1.40کروڑ روپئے کے پیکیج کا اعلان کیا۔کوویڈ ہیلپ لائن اورآکسیجن بینک کے قیام کے لئے فنڈس صرف کئے جائیں گے۔ہیلپ لائن میں ڈاکٹرس مریضوں کا تعاون کریں گے اور اس عمل کے دوران دیکھ بھال کرنے والوں کی رہنمائی بھی کریں گے۔ضرورت مند مریضوں میں میڈیکل کٹس کی بھی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔مجلس کی جانب سے اس سلسلہ میں جاری کردہ پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ عوام اس وبا سے شدید طورپر متاثر ہیں۔نہ صرف یہ افراد اس مرض کی روک تھام کے سلسلہ میں فکرمند ہیں بلکہ اسپتالوں میں بستروں،آکسیجن سلنڈرس،ضروری دواوں کی کمی کے ساتھ ساتھ بروقت طبی توجہ کی کمی دیکھی جارہی ہے۔اسی لئے صدر مجلس نے اس ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔پہلے مرحلہ میں 20کال اگزیکٹیوز کے ساتھ ایک فون ہیلپ لائن قائم کی جائے گی۔ابتدا میں یہ ہیلپ لائن صبح 6بجے تا12بجے شب کام کرے گی اور اس ہیلپ لائن کے ذریعہ تمام مناسب رہنمائی مریضوں اور ان کی د یکھ بھال کرنے والوں کی ہوگی۔اس میں ہلکی اور اوسط علامات والے مریضوں کو گھر میں دیکھ بھال کے لئے مشورے دیئے جائیں گے۔تشویشناک حالت والے مریضوں کے لئے پیشہ وارانہ رہنمائی کی جائے گی۔ہیلپ لائن نمبر 7306600600ہے۔ساتھ ہی طبی کٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ہر کٹ ضروری دواوں پر مشتمل ہوگی۔ان ہی مریضوں کے لئے یہ کٹ ہوگی جن میں ہلکی یا پھر اوسط علامات پائی جاتی ہیں۔گھر میں زیرعلاج مریضوں کے لئے 200بڑے آکسیجن سلنڈرس اور 50چھوٹے آکسجن سلنڈرس حاصل کئے گئے ہیں۔عوام اپنے خالی آکسیجن سلنڈرس لاکر ان کو دوبارہ ری فل کرسکتے ہیں۔حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے قریب واقع آغاپورہ فنکشن ہال کو کوویڈ وار روم میں تبدیل کردیاجائے گا جہاں سے ہیلپ لائن کام کرے گی۔آکسیجن بینک وار روم سے کام کرے گا۔ پہلے مرحلہ کے اخراجات ایک کروڑ 40لاکھ روپئے کے ہورہے ہیں اور یہ مجلس چیاریٹی ا یجوکیشنل اینڈ ریلیف ٹرسٹ کی جانب سے ممکن ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS