کووڈ۔ 19 انفیکشن کی رفتارسست پڑنے کے ساتھ ہی ملک میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں اضافہ

1
image:.globalrescue.com

نئی دہلی: (یو این آئی ) کووڈ۔ 19 انفیکشن کی رفتار کم ہونے کے ساتھ ہی ملک میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز 819 پروازوں میں 56900 مسافر اپنی منزل کے لئے روانہ ہوئے۔ وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے 18 مئی کو مسافروں کی تعداد کم ہو کر 40 ہزار سے کم ہو گئی تھی۔ اس دن 641 پروازوں میں 39130 افراد نے سفر کیا۔ لیکن اس کے بعد اس میں باقاعدگی سے بہتری آرہی ہے۔
گزشتہ 19 مئی کو 707 پروازوں میں 45,532 مسافر، 20 مئی کو 725 پروازوں میں 48,197 مسافر اور 21 مئی کو 761 پروازوں میں 49,819 مسافر روانہ ہوئے۔ ایک وقت میں یومیہ کووڈ۔ 19 کے چار لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آرہے تھے۔ اب اس میں گراوٹ آئی ہے۔ اتوار کی صبح مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 2.41 لاکھ نئے مریضوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری لہر کے سست ہونے کے ساتھ اب زیادہ سے زیادہ لوگ ہوائی سفر کر رہے ہیں۔ تاہم ہفتے کے 56 ہزار 900 مسافروں کی تعداد اس سال فروری اور مارچ کے یومیہ اوسط سے کہیں کم ہے۔ فروری میں ہر روز اوسطاً 2.80 مسافروں نے ہوائی سفر کیا تھا۔ مارچ میں یہ تعداد کم ہو کر 2.50 لاکھ اور اپریل میں 1.91 لاکھ رہ گئی۔
گزشتہ سال 25 مارچ سے دو ماہ کے لئے ملک میں باقاعدہ پروازیں مکمل طور پر بند کردی گئی تھیں۔ اس کے بعد 25 مئی 2020 سے گھریلو روٹوں پر باقاعدہ پروازیں دوبارہ شروع کی گئیں۔ اس سال فروری تک مسافروں کی تعداد میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں اضافہ ہوا تھا، جب کہ اس کے بعد مسلسل تین ماہ تک گراوٹ آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS

Comments are closed.