ملک میں کووڈ-19 مریضوں کی شفایابی کی شرح48.07 فیصد

0

نئی دہلی: ملک میں بھلے ہی کورونا مریضوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے اور اعدادوشمار کے حساب سے اب ہندوستان ساتویں مقام پر آگیا ہے مگر مثبت پہلو یہ ہے کہ یہاں مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے نیز اموات کی شرح بھی بہت کم ہے۔
ملک میں اب تک مجموعی طور پر 95527 مریض اس بیماری سے شفایاب ہوچکے ہیں جس کے بعد ریکوری ریٹ 48.07 ہوچکا ہے ۔ایکٹو کیسز اب صرف 97582 ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں کورونا متاثرین کا مقابلہ دیگر ممالک سے کیا جارہا ہے لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہندوستان کی آبادی کتنی ہے اور یہاں کتنے معاملے اب تک سامنے آئے ہیں۔اور اموات کی شرح کیا ہے۔اگر موازنہ کرنا ہی ہے تو آبادی کے حساب سے کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے بتایاکہ ملک میں مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح 15اپریل کو 11.42فیصد، تین مئی کو26.59فیصد،18مئی کو 38.29 فیصد تھی ،بعد ازاں اس میں بہتری ہوتی گئی اور آج یہ بڑھ کر 48.07 فیصد ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے 14 ممالک میں جہاں کورونا کے زیادہ کیس دیکھے گئے ہیں ، ان کی آبادی ہندوستان کے برابرہی ہے لیکن ان میں ہندوستان سے 22.5 فیصد زیادہ کورونا معاملے دیکھے گئے ہیں اور اموات کی تعداد 55.2 فیصد زیادہ ہے۔ اگر پوری دنیا میں اموات کی فیصد کو دیکھا جائے تو دنیا میں اوسطا 6.13 فیصد ہے اور ہندوستان میں اس وقت یہ 2.82 فیصد ہے جو پوری دنیا میں سب سے کم ہے۔ اگر فی لاکھ آبادی میں کورونا کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو یہ پوری دنیا میں 4.9 فیصد ہے لیکن ہندوستان میں یہ صرف 0.41 فیصد فی لاکھ ہے اور بیلجیئم جیسے ملک میں یہ شرح 82.9 فیصد فی لاکھ ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 8171 نئے معاملے درج ہوئے ہیں ، جس سے متاثرین کی تعاد بڑھ کر198706 ہوگئی ہے۔ اس دوران 204 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5598 ہوگئی۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 95527 افراد انفیکشن سے آزاد ہوچکے ہیں تاحال کورونا مریضوں کی تعداد 97582 ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS