جموں و کشمیر میں رات کے کرفیو کا اعلان، میڈیکل ایمرجنسی پابندی سے مستثنیٰ

    0

    جموں وکشمیر انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے رات میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
    جموں کشمیر انتظامیہ کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شام سات بجے سے صبح سات بجے تک لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم پاسز رکھنے والے اور میڈیکل ایمرجنسی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ پاسز کے بغیر کسی بھی طرح کی نقل وحرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
    دریں اثنا کورونا وائرس کے معاملوں میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر وادی کشمیر کے تمام دس اضلاع کو ریڈ زون کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ صوبہ جموں کے تین اضلاع جموں، کٹھوعہ اور سانبہ بھی ریڈ زون کے زمرے میں رکھے گئے ہیں۔
    صوبہ جموں کے ریاسی، ادھم پور، رام بن اور راجوری کو آرینج زون اور ڈوڈہ، کشتواڑ اور پونچھ کو گرین زون کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
    جموں وکشمیر انتظامیہ نے مرکزی وزارت داخلہ کے احکامات کے تناظر میں آرینج اور گرین زونز میں عائد پابندیوں میں کچھ نرمی کا اعلان کیا ہے تاہم خطے کے تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے، شراب کی دکانیں، بار اور ہوٹل اگلے احکامات تک بند ہی رہیں گے۔
    جموں وکشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے 700 معاملے سامنے آئے ہیں جن میں سے زائد از 600 کشمیر کے ہیں۔ اب تک وائرس سے متاثر قریب 300 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ آٹھ مریضوں کی موت واقع ہوچکی ہے۔
    اس دوران جموں وکشمیر نے ایک دن میں دو ہزار کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا ہے۔ خطے کی لیبارٹریز میں اتوار کو 2500 ٹیسٹ کئے گئے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS