اب لاشوں کی ہوگی کورونا جانچ

    0

    ممبئی ( ایجنسیاں)
    مہاراشٹرکے ممبئی کے سرکاری اسپتالوں میں اب لاشوں کی کورونا جانچ ہوگی۔ یہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کی جائے گی کہ مرنے والا شخص کورونا مثبت تھا یا منفی۔ منفی ہونے پر ، لاشوں کو جلد ہی کنبہ کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ کورونا مثبت لاشوں کی آخری رسومات حکومت اور کورونا گائیڈلائن کے مطابق انجام دی جاتی ہیں ، اور اس میں کافی تاخیر ہوتی ہے۔انگریزی ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق مہاراشٹرحکومت نے اس سلسلے میں ایک نیا مینڈیٹ جاری کیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں تمام لاشوں کے لئے کورونا اینٹی جن ٹیسٹ کیا جائے گا۔
    واضح رہے کہ مہاراشٹر میں کورونا کے حالات بھیانک ہیں ۔ سرکاری اسپتالوں کا مردہ گھربھرا ہوا ہے۔ انڈین ایکسپریس لکھتا ہے کہ سسون جنرل اسپتال میں روزانہ اوسطا 40 سے 50 اموات ریکارڈ کی جاتی ہیں ، جن میں سے 15 ایسی ہوتی ہیں جنہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا جاتا ہے۔ ناگپور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں روزانہ 30 سے 35 اموات ریکارڈ کی جاتی ہیں ، وہاں روزانہ کم از کم 5 سے 10 مردے کو لایا جاتا ہے۔ اب اس طرح مردہ حالت میں اسپتال لائی جانے والی لاشوںکا کورونا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ کورونا کے بڑھتے انفیکشن کے پیش نظر اب ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ لاشوں کا اینٹی جن ٹیسٹ کروانا چاہئے۔ محکمہ صحت کے اعلی ذرائع کے مطابق چونکہ ان ٹسٹوں کے نتائج تقریبا ایک گھنٹہ میں آتے ہیں لہذا اس ٹیسٹ کی بنیاد پر جلد ہی لاشوں کی حوالگی کی جائے گی۔ اس نئے حکم نامے کے بعد سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال میں جس لاش کا کورونا اینٹی جن ٹیسٹ منفی آئے گا، اس کی موت کی وجہ معلوم کرنے کے لئے دوسرے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
    واضح رہے کہ اسپتال میں موت یا کورونا وائرس کی وجہ سے علاج کے دوران موت کی صورت میں  پوسٹ مارٹم کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے اور ڈاکٹر موت کی وجہ بتاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS