24ہزار نئے کیسز،ٓکسیجن اور بیڈ کی کمی سے مریض پریشان،وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی مرکز سے مدد کی اپیل، مزید سخت قدم اٹھانے کا اشارہ
نئی دہلی (ایجنسیاں):راجدھانی دہلی میں جاری کورونا وبا کے بحران کے درمیان وزیر اعلیٰ کجریوال نے ہفتہ کو کہا کہ اب حالات انتہائی نازک ہوتے جارہے ہیں۔ آئی سی یو بیڈ کے ساتھ ہی دہلی میں آکسیجن اور ریم ڈسیور انجکشن کی کمی ہونے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس محدود تعداد میں آئی سی یو بیڈ ہیں۔ آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ بہت تیزی سے کم ہورہے ہیں۔ سرکار پوری کوشش کررہی ہے کہ بیڈ میں اضافہ کیا جائے۔ امید ہے کہ آئندہ دو چار دنوں میں ہم بڑے پیمانے پر بیڈ میں اضافہ کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 24,375 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جبکہ 167 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
کجریوال نے تمام پرائیویٹ اسپتالوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ بیڈ کے دستیاب رہتے ہوئے اگر کسی اسپتال نے کسی مریض کو بیڈ دیے جانے سے منع کیا تو اس اسپتال کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کجریوال نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے ہمیں مجبوراً ویک اینڈ کرفیو لگانا پڑا۔ ہم اگلے کچھ دنوں تک حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر صورتحال زیادہ سنگین ہوئی تو آپ کی زندگی بچانے کے لیے اور وبا پر قابو پانے کے لیے جو بھی قدم اٹھانے پڑیں گے، انہیں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے یہ شکایت آرہی ہے کہ ٹسٹ رپورٹ آنے میں 3 سے 4 دن لگ رہے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ کچھ لیب نے اپنی صلاحیت سے زیادہ نمونے لینے شروع کردیے ہیں۔ ایسی لیب کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جو صلاحیت سے زیادہ نمونے لیتے ہیں اور 24گھنٹے کے اندر رپورٹ نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے لڑائی کے دوران مرکز سے ہمیں مدد ملی ہے، میں امید کرتا ہوں کہ اس بار بھی مرکزی سرکار ہماری پوری مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے فون پر بات کی اور میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ آکسیجن ریم ڈسیور کے علاوہ بیڈ میں بھی اضافہ کیا جائے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگ بیڈ کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش مسلسل کررہے ہیں اور اس کیلئے کئی قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ہم نے مرکزی حکومت سے مدد مانگی ہے۔واضح رہے کہ راجدھانی میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے قہر کے درمیان ویک اینڈ کرفیو لگایا جاچکا ہے۔ اس سلسلہ میں دہلی پولیس کے کمشنر ایس این شریواستو نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو حکومت کی جانب سے جاری کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرنا ہوگا ، لیکن دیکھا یہ جارہا ہے کہ اب بھی کئی لوگ ماسک لگائے بغیر سڑکوں پر نکل رہے ہیں ، اس لئے اب پولیس نے سختی برتنے کا فیصلہ کیا ہے۔لوگ اینٹی کووڈ گائڈلائنس پر عمل کریں ، کرفیو کے دوران گھر میں رہیں ، ورنہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ قانون توڑنے والوں کو پولیس گرفتار کرے گی اور ان پر قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
کورونا کا قہر:دہلی میں حالات انتہائی نازک
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS