نئی دہلی (ایجنسیاں) : ملک میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ مسلسل تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بے قابو
ہوتے حالات کے پیش نظر مرکز الرٹ ہے۔ حالات پر قابو پانے اور اس سے متعلق حکمت عملی کیلئے میٹنگوں کا
دور جاری ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ملک میں کووڈ انفیکشن سے پیدا ہونے والی
صورتحال اور اس سے نمٹنے کی تیاریوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی۔وزیر
اعظم کی صدارت میں ہوئی اس جائزہ میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا،
وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا، کابینہ سکریٹری راجیو گاؤبا، ہوم سکریٹری اجے کمار بھلا،
شہری ہوابازی کے سکریٹری راجیو بنسل اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو
آفیسر ونے کمار ترپاٹھی اور دیگر افسران موجود تھے ۔یہ اجلاس ایک بار پھر بڑھتے ہوئے کورونا وبا کے پھیلاؤ
کے درمیان بلایا گیا تھا۔پچھلے مہینے بھی مسٹر مودی نے کووڈ کی صورتحال اور اومیکرون کے پیش نظر ایک
اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی تھی۔ذرائع کے مطابق اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں کووڈ ویکسی نیشن، کورونا وبا کے
پھیلاؤ سے نمٹنے کی تیاریوں اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 15سے 18سال کی عمر کے
بچوں کو کووڈ ویکسی نیشن فراہم کرنے اور ہیلتھ ورکرز، کورونا واریئرز اور بزرگ شہریوں کو اضافی ویکسین
فراہم کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔بچوں کے ویکسی نیشن 3جنوری سے شروع ہو گیا ہے، جبکہ اہل
آبادی کو اضافی کووڈ ویکسین کل 10جنوری سے دی جائے گی۔ دو کروڑ سے زیادہ بچوں کو کووڈ ویکسین دی گئی
ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں ایک لاکھ 59
ہزار 632نئے معاملے سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر تین کروڑ 55لاکھ 28ہزار 4ہو گئی
ہے۔ نئے معاملے میں اضافے کے ساتھ ایکٹیو معاملے کی تعداد 5لاکھ 90ہزار 611ہو گئی ہے۔ اسی عرصے میں
مزید 327 مریضوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 83ہزار 790ہو گئی ہے۔ ملک میں
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 40ہزار 863 مریض صحت یاب ہونے کے بعد اس وبا سے نجات پانے والوں کی
مجموعی تعداد تین کروڑ 44لاکھ 53ہزار 603 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے میں 15لاکھ 63ہزار 566کووڈ ٹسٹ
کیے گئے ہیں اور اب تک ملک میں کل 69کروڑ 34ہزار 525 کووڈ ٹسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک میں کورونا
وائرس کے ایکٹیو معاملے کی شرح 1.34ہے اور صحت یاب ہونے کی شرح 97.30 فیصد، جبکہ اموات کی
شرح 1.37فیصد ہے۔ دوسری طرف اب تک ملک کی 27 ریاستوں میں 3623 افراد کووڈ کے اومیکرون ویرینٹ
سے متاثر پائے گئے ہیں، جن میں سے مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 1009، دہلی میں 513اور کرناٹک میں
441 معاملے ہیں۔ اومیکرون سے 1409افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔اس وقت ریاست مہاراشٹر میں کورونا
وائرس کے سب سے زیادہ فعال معاملے ہیں، جہاں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایکٹیو معاملے میں 31750 عدد
کا اضافہ ہوا، وہیں ان کی کل تعداد بڑھ کر 176948ہو گئی ہے۔ دریں اثنا میٹنگ میں مسٹر مودی نے ضلع سطح
پر صحت کے مناسب ڈھانچے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس
سلسلے میں ریاستوں کے ساتھ تال میل برقرار رکھیں۔ انہوں نے مشن موڈ میں نوعمروں کیلئے ویکسین مہم کو تیز
کرنے کی ہدایت دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ زیادہ انفیکشن والے علاقوں میں سخت روک تھام اور فعال نگرانی جاری
رکھنی چاہئے اور متعلقہ ریاستوں کو ضروری تکنیکی مدد فراہم کی جانی چاہئے۔کووڈ کے بارے میں آگاہی مہم
چلانے پر زور دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ تجربات کے تبادلے کیلئے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلایا جانا چاہیے ۔
انہوں نے دور دراز اور دیہی علاقوں میں لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے
کیلئے ٹیلی میڈیسن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے مشن موڈ میں ہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ورکرز کے لیے اضافی خوراک کے ذریعے ویکسینیشن کرنے کو
بھی کہا۔
کورونا کی تیسری لہر کا قہر : ایک دن میں1.59لاکھ سے زائد نئے مریض
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS