ریاستی سرکاریں حرکت میں، دہلی کے تمام اسکول آئندہ ہدایت تک بند،یوپی میں 50 فیصد ملازمین کو دفتر میں حاضری کا حکم
نئی دہلی، لکھنؤ (ایس این بی): کورونا وبا کے بڑھتے خطرے نے عوام کے ساتھ ساتھ ریاستی سرکاروں کی بھی بے چینی بڑھا دی ہے۔ روزانہ تقریباً سوا لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا کے شکار ہورہے ہیں، وہیں کورونا مخالف ٹیکے کی دونوں ڈوز لینے کے بعد ڈاکٹر اور طبی اہلکاروں کے پازیٹو پائے جانے کی خبروں نے لوگوں میں ایک نیا خوف پیدا کردیاہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دہلی کے ایمس میں ٹیکہ کے دونوں ڈوز لینے کے بعد بھی ڈاکٹر سمیت 37 طبی اہلکار اور سرگنگارام اسپتال کے 37 ڈاکٹر پازیٹو ملے ہیں۔ اس سے قبل لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل کالج کے بھی 40 ایسے ڈاکٹر اسی طرح پازیٹو پائے گئے تھے۔ وہیں ویکسین کی کمی کے تعلق سے ریاستوں کے ذریعہ مرکز سے کی جارہی شکایتوں نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ مہاراشٹر کے بعد اب راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے وزیراعظم کو خط لکھ کر بتایاہے کہ ریاست کے پاس صرف 2دن کا کوٹہ بچاہواہے، اس لیے جلد ازجلد مناسب مقدار میں ویکسین دستیاب کرائی جائے۔
دریں اثنا کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے مد نظر دہلی سرکار نے راجدھانی کے سبھی سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔کسی بھی کلاس کے طلبا اسکول نہیں آئیں گے۔وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے جمعہ کو ٹوئٹ کر کہا کہ کووڈ کے بڑھتے معاملوں کے سبب دہلی کے سبھی اسکول (سرکاری اور پرائیویٹ) سبھی کلاسوں کیلئے اگلے حکم تک بند کئے جا رہے ہیں۔پچھلے 2دنوں میں کورونامعاملوں میں بھاری اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد دہلی سرکار نے اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔دہلی سرکار کے ایجوکیشن ڈائریکٹر اُدت پرکاش رائے نے اس تعلق سے حکم جاری کر کے کہا ہے کہ کورونا معاملوں میں اضافہ کے سبب سبھی اسکولوں کے پرنسپل کو حکم دیا جاتا ہے کہ سبھی تعلیم اور امتحان سے متعلق کام بند رہیں گے ،کسی بھی کلاس کے بچے کو اسکول نہیں بلایا جائے گا۔سبھی اسکول صرف ڈیجیٹل موڈ میں پڑھائی جاری رکھیں گے۔
ایجوکیشن ڈائریکٹر اُدت پرکاش رائے نے حکم میں کہا کہ 9ویں اور 12ویں کلاس تک کے بچوں کو پڑھائی ،امتحان اور پریکٹیکل، مڈٹرم، پروجیکٹ کام یا سالانہ امتحان کیلئے نہیں بلایا جائے گا۔ دہلی سرکار نے کچھ مہینے پہلے 9ویں اور12ویں تک کے بچوں کو والدین کی منظوری سے اسکول آنے کی اجازت دی تھی، تاکہ وہ امتحان کی تیاری کرسکیں۔ اس حکم کو آج ختم کردیا گیا ہے اور واضح طور پرکہا گیا ہے کہ کسی بھی کلاس کے بچے اسکول نہیں آئیں گے۔یعنی کورونا انفیکشن کے سبب اب سبھی اسکول بند رہیں گے ۔دوسری جانب یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر راجدھانی لکھنؤ، پریاگ راج، وارانسی اور کانپور نگر میں سرکاری اور نجی اداروں میں یومیہ صرف 50 فیصد ملازمین کو ہی دفتر آنے کی ہدایت دی ہے۔یہ اطلاع وزیراعلیٰ دفتر سے آج جمعہ کو ٹوئٹ کرکے دی گئی۔ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسا انتظام کیا جائے، جس کے تحت لکھنؤ، پریاگ راج، وارانسی او رکانپور نگر کے سرکاری و نجی اداروں میں ایک دن میں 50فیصد اہلکار ہی آئیں۔ اس سلسلہ میں روسٹر بناکرنافذ کیا جائے۔ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل و نرسنگ اسٹاف اور پولیس فورس کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی توجہ دی جائے۔ واضح رہے کہ ریاست کے 10اضلاع لکھنؤ، کانپور، پریاگ راج، وارانسی، کانپور دیہات، میرٹھ، بریلی، سہارنپور، غازی آباد اور نوئیڈا میں رات کا کرفیو نافذ کیا جاچکا ہے اور حکومت نے 500 سے زیادہ ایکٹیوکیس والے اضلاع کو رات کا کرفیو نافذ کرنے کیلئے ڈی ایم کو مجاز کیا تھا۔ اس درمیان مرادآباد کے ڈی ایم نے بھی ضلع میں رات 10سے صبح 6بجے تک کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کووڈ19-پر کنٹرول کیلئے مؤ ثر حکمت عملی بنانے کیلئے ہدایت دیتے ہوئے تمام انتظامات چست و درست رکھنے پر زوردیا ہے۔انھوں نے کورونا سے بچاؤ کے سلسلہ میں مسلسل مستعدی برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لکھنؤ، پریاگ راج، وارنسی، کانپور نگر، غازی آباد، گورکھپور، مرادآباد او رسہارنپور میں ترجیحی بنیاد پر نشان زد عمر کٹیگری کے لوگوں کو کووڈ کا ٹیکہ لگوایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ19- ٹیکہ کاری کے تئیں بیداری اور کورونا سے متعلق دیگر ضروری غوروخوض کی غرض سے گورنر کی موجودگی میں 3 روزہ مکالمہ کا خصوصی پروگرام شروع ہورہا ہے، جس کے تحت آئندہ 11اپریل کو گورنر اور وہ خود سیاسی جماعتوں کے صدور اور ایوان کے لیڈروں کے ساتھ غوروخوض کریں گے۔ 12 اپریل کو گورنر اور وہ، سبھی میئر اور کارپوریٹروں کے ساتھ خصوصی پروگرام کریں گے، جبکہ 13اپریل کو مذہبی رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیال ہوگا۔
وہیں بڑھتے معاملات کے درمیان ہندوستانی ریلوے نے ممبئی سینٹرل سے احمد آباد کے درمیان چلنے والی تیجس ایکسپریس کو ایک مہینے کیلئے بند کردیا ہے۔ ایسے میں یہ سوال اٹھنے لگے ہیں کہ کیا ملک میں ٹرینوں کے بند ہونے کا سلسلہ پھر سے شروع ہوسکتا ہے؟ اس سلسلہ میں ہندوستانی ریلوے کی جانب سے ایک تازہ بیان سامنے آیا ہے۔ ریلوے بورڈ نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرکے واضح کیا ہے کہ ہندوستانی ریلوے کا ٹرینوں کو روکنے یا اس پر پابندی لگانے کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین سنیت شرما نے کہا کہ جو لوگ سفر کرنا چاہتے ہیں ، ان کیلئے ٹرینوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میں سبھی کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ڈیمانڈ کے مطابق ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ان مہینوں میں ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی تعداد نارمل دیکھی گئی ہے ، ہم ضرورت کے مطابق ٹرینوں کی تعداد بڑھائیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS