نئی دہلی (ایجنسیاں) :کورونا وائرس کی دوسری لہر کافی خطرناک نظرآرہی ہے۔ گزشتہ روز مسلسل تیسرے دن ملک میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگ وبا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ یہ ساتواں ایسا دن رہا، جب ایک ایک لاکھ سے بھی زیادہ معاملے درج کئے گئے۔ وہیں 879لوگوں نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ یکم اپریل سے اب تک کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو13دنوں میں قریب 14لاکھ لوگ کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جارہا ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں 1.84لاکھ نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 184372نئے کیس درج ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 38لاکھ 73ہزار 825 ہوگئی ہے۔ اس دوران 82339 مریض صحت مند ہوچکے ہیں ، جن کے ساتھ اب تک 12336036 مریض کوروناسے نجات پاچکے ہیں۔ ملک میں کورونا کے سرگرم معاملات 13لاکھ کو عبور کرکے 1365704 ہوچکے ہیں۔ اسی دوران مزید 1027کی موت سے اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 172085 ہوگئی ہے۔ملک میں ری کوری کی شرح 88.92فیصد اور فعال کیسوں کی شرح 9.84 فیصد ہوگئی ہے، جبکہ اموات کی شرح 1.24فیصد رہ گئی ہے۔ مہاراشٹرا کورونا کے فعال معاملوں میں سرفہرست ہے اور ریاست میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران فعال کیسوں کی تعداد 28307سے بڑھ کر 594585ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران، ریاست میں مزید 31624 مریض صحتمند ہوئے، جن کے ساتھ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 2866097 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مزید 281 مریضوں کی اموات سے یہ تعداد بڑھ کر 58526 ہوگئی ہے ۔
ریاست چھتیس گڑھ میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایکٹیو کیسز 10283سے بڑھ کر مجموعی کیسز 109139 ہو گئے ہیں۔ ریاست میں ، 357668افراد کورونا وائرس سے شفایاب، جبکہ مرنے والوں کی تعداد 156کو ملا کر 5187ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں کورونا کے ایکٹیو کیسز 14404 سے بڑھ 95980ہو گئے ہیں۔ ریاست میں اب تک اس وبا سے 9309افراد ہلاک، جبکہ 618293 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز 5415کے اضافے سے مجموعی کیسز 43510 ہو گئے ہیں۔ اب تک 11436افراد اس وبا سے ہلاک، جبکہ 695210 مریضوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 2632سے بڑھ کر مجموعی تعداد 78636ہوگئی ہے ۔ ریاست میں اموات کی تعداد 13008ہوچکی ہے اور اب تک 992003مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ریاست کیرالہ میں اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز 4536سے بڑھ کر 52450ہوگئی اور کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد2959سے بڑھ کر 11لاکھ 23ہزار 133ہوگئی ، جب کہ مزید 20مریضوں کی ہلاکت سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4814ہوگئی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS