کورونا وبا سے موت کا معاملہ:متاثرہ کنبہ کو ملے معاوضہ

0

سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ
نئی دہلی (ایجنسیاں) : سپریم کورٹ نے بدھ کے روز اپنے اہم فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت کورونا کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین کوایکس گریشیا رقم دینے کی پابند ہے۔تاہم عدالت نے ایکس گریشیا سے متعلق رقم طے کرنے کا فیصلہ حکومت پر چھوڑ دیا۔جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ قومی آفات انتظامیہ ایکٹ (این ڈی ایم اے ) کی دفعہ 12کے التزامات کے تحت اتھارٹی قومی آفات سے متاثرہ افراد کو کم سے کم امداد فراہم کرنے کی پابند ہے۔عدالت نے کہا کہ ایکٹ کی دفعہ 12(3) کے تحت دی جانی والی کم سے کم امداد میں معاوضہ بھی شامل ہے۔عدالت نے گورو بنسل اور رپک کنسل کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی حکومت کے اس مؤقف کو مسترد کردیا کہ دفعہ 12لازمی دفعات نہیں ہیں۔عدالت نے دفعہ 12کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 12کی دفعات لازمی ہیں۔ تاہم عدالت نے حکومت کو معاوضے کے طور پر کسی بھی رقم کو طے کرنے سے انکار کردیا۔ درخواست گزاروں نے کورونا کے متاثرہ افراد کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کی حکومت کو ہدایت دینے کی عدالت سے مانگ کی تھی۔اس دوران عدالت نے این ڈی ایم اے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ راحت کے کم از کم پیمانے بتائیں، ایسا کچھ بھی ریکارڈ میں درج نہیں ہے جس سے پتہ چلے کہ کووڈ متاثرین کیلئے آپ نے ایسی راحت یا معاوضے کی کوئی گائڈ لائن جاری کی ہو۔ آپ اپنا فرض نبھانے میں ناکام رہے ہیں۔ وہیں مرکز پر تبصرہ کرتے ہوئے عدالت نے کہاکہ کسی بھی ملک کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہوتی۔ معاوضہ جیسی چیزیں حالات اور حقائق پر مبنی ہوتی ہیں۔ ایسے میں یہ مناسب نہیں ہے کہ ہم مرکز کو ہدایت دیں کہ معاوضہ کیلئے اتنی رقم طے کردی جائے۔ یہ رقم مرکز کو طے کرنی ہوگی۔ آخرکار ترجیحات مرکز ہی طے کرتاہے۔واضح رہے کہ ایک دن قبل مہاجر مزدوروں پر سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ دیاتھا۔ سپریم کورٹ نے منگل کو ریاست اور زیر مرکز ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ 31جولائی تک ’ون نیشن ون راشن کارڈ‘اسکیم نافذکریں، تاکہ اپنی ریاست سے دوسری ریاستوں میں گئے مہاجر مزدوروں کو راشن آسانی سے ملے۔ مرکز کو ہدایت دی کہ وہ غیرمنظم سیکٹر کے مزدوروں کے رجسٹریشن کیلئے پورٹل ڈیولپ کرے، تاکہ انہیں اسکیموں کافائدہ دیا جاسکے۔ مرکز ریاستوں کو راشن مہیا کرائے اور ریاست تب تک کمیونٹی کچن چلائیں، جب تک ملک میں وبا سے پیدا ہوئے حالات ختم نہیں ہوجاتے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS