نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس نے لکھیم پور کے واقعہ کے خلاف احتجاج میں اور اس واقعہ کے لئے مبینہ طورپر ذمہ دار مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کوبرخاست کرنے کی مانگ پر آج پورے ملک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔
کانگریس کی اترپردیش کی انچارج اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے سامنے بیٹھ کر مون ورت رکھا۔ محترمہ واڈرا نے لکھیم پور کھیری کے واقعہ کے لئے مبینہ طورپر قصور وار مسٹر مشرا کو برخاست کرنے کی مانگ کی او رکہاکہ کانگریس ناانصافی کے خلاف لڑائی لڑتی رہے گی۔ اس دوران وہاں بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود رہے۔
جموں میں کانگریسی کارکنوں نے راجو بھون کے سامنے مون ورت کا اہتمام کیا اور مسٹر مشرا کو فوری طورپر عہدہ سے ہٹانے کی مانگ کی۔ اس پروگرام میں کانگریس کی ریاستی انچارج رجنی پاٹل کے ساتھ ہی کانگریس کے کئی اہم لیڈروں نے حصہ لیا۔ پارٹی کارکنوں نے مغربی بنگال میں لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کی قیادت میں مون ورت میں حصہ لیا۔
مہاراشٹر میں کانگریسی کارکنوں نے ریاستی صدر نانا پٹولے کی قیادت میں مون ورت رکھا جس میں کانگریس قانو ن ساز پارٹی کے لیڈر بالا صاحب تھروٹ، ممبئی کانگریس کے ایگزکیوٹیو صدر بھائی جگتاپ، چرن سنگھ سپرہ، سابق وزیراعلی اشوک چوان کئی دیگر اہم لیڈروں نے حصہ لیا۔
تری پورہ میں ریاستی صدر براجیت سنہا اور دیگر سینئر لیڈروں نے مون ورت میں حصہ لیا۔ دہلی میں ریاستی صدر چودھری انل کمار کی قیادت میں مون ورت رکھ کر گاندھیائی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ ریاستی صدر ریونت ریڈی کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے مون ورت رکھا۔ ہماچل پردیش کے شملہ میں ریاستی صدر کلدیپ سنگھ راٹھوڑ کی قیادت میں مون ورت رکھ کر مسٹر مشرا کو مرکزی کابینہ سے ہٹانے کی مانگ کی۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS