کانگریس ڈوبتا ہوا جہاز، جس کا کوئی مستقبل نہیں : امت شاہ

0

ہمیر پور (ہماچل پردیش)(یو این آئی): مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو کہا کہ کانگریس ایک ڈوبتا ہوا جہاز ہے جس کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے اور کانگریس 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد ہندوستانی سیاست سے باہر ہو جائے گی۔ مسٹر شاہ ہمیر پور ضلع کے نادون کسوا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے ، جہاں وہ نادون اسمبلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار وجے اگنی ہوتری کے لیے حمایت مانگ رہے تھے ۔ انہوں نے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی کے مشن ریپیٹ 2022 کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومتوں نے ہی کورونا وبا میں لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی ہے کیونکہ انہوں نے ہندوستان میں کووڈ-19 ویکسین تیار کیں اور اسے ملک کی پوری آبادی میں مفت تقسیم کرکے لوگوں کی جانیں بچائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کے لیڈر نے ایسا کارنامہ انجام نہیں دیا۔مسٹر شاہ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہیں بہادر ہندوستانی فوجیوں کی سرزمین کا دورہ کرنے کا موقع ملا جنہوں نے کئی بار ملک کو حملہ آوروں سے بچایا ہے ۔ شہید ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ حکومت ہند ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ‘ون رینک، ون پنشن’ کی گرانٹ اورہندوستانی افواج میں بھرتی کے لیے اگنی ویر اسکیم اس سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے میجر سومناتھ کو خراج تحسین پیش کیا جو ہماچل پردیش کے پہلے پرم ویر چکرا فاتح تھے جنہوں نے 03 نومبر 1947 کو سری نگر کے ہوائی اڈے کی حفاظت کی تھی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے شخص تھے ۔وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے ہندوستانی شہریوں اور ہندوستانی فوج کے مفادات کے تحفظ کے لئے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے ) میں سرجیکل اسٹرائیک کی۔ کانگریس پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں جھوٹ بولنے والوں کی بھرمار ہے جو ہمیشہ جھوٹے نعروں سے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور انتخابات ختم ہونے کے بعد اپنے وعدوں کو بھول جاتے ہیں۔ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو اپنے انتخابی منشور کے تمام وعدوں کو پورا کرتی ہے اور عوام کی ترقی میں مدد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب ترقی اور متعلقہ سرگرمیوں میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں سے ایک بن چکا ہے ۔ اب ہم وہ اشیاءتیار کر رہے ہیں جو پہلے ہم بھاری رقم ادا کر کے بیرون ملک سے درآمد کرتے تھے ۔ مسٹر شاہ نے عوام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جئے رام ٹھاکر حکومت کی ستائش کی اور رائے دہندگان سے کہا کہ وہ بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں تاکہ وہ اپنی مدت کو دہرائیں۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کی انتھک توانائی سے مسلسل کام کرنے کے لئے تعریف کی اور کہا کہ ہمیں ملک اور ریاستوں پر حکومت کرنے کے لئے ایسے لوگوں کی ضرورت ہے ۔ یہ بی جے پی ہی ہے جس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے اور پرامن ماحول قائم کرنے کے لیے دفعہ 370 کو منسوخ کیا۔ انہوں نے اجودھیا میں تعمیر ہونے والے عظیم بھگوان رام مندر کے بارے میں بھی بات کی، جو 2024 میں ملک کو وقف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک مقدس آدمی ہیں اور اسی وجہ سے وہ وارانسی، کیدارناتھ، بدری ناتھ اور اجودھیا میں ہندو مندروں کی تزئین و آرائش میں مصروف ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS