قرول باغ کے امیدوار کے خلاف غلط حلف نامہ داخل کرنے کی شکایت درج

0

نئی دہلی: اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جانے سے قبل ایک دوسرے کے خلاف شکایت کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ بی جے پی نے قرول باغ اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار وشیش روی  کے خلاف الیکشن افسر کے پاس شکایت درج کرائی ہے۔ جس پر آپ امیدوار سے بدھ دو بجے تک جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ قرول باغ سے بی جے پی کے امیدوار یوگیندر چندولیہ نے روی کے حلف نامے میں ان کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں زیر التواء دھوکہ دہی کے ایک معاملے کی اطلاع نہ دینے کی شکایت کی ہے۔ روی پر یہ معاملہ10 لاکھ روپے تاوان طلب کرنے کا تھا۔ اس معاملے میں وہ نچلی عدالت سے بری ہو گئے تھے، لیکن  دوسرا فریق اسے دہلی ہائی کورٹ میں لے گیا،اور وہاں سے نوٹس جاری ہوا ہے، جس کی سماعت 25 مارچ کو ہونی ہے۔ چندولیہ نے کہا کہ اس کے علاوہ روی نے 2013 اور 2015 کے اسمبلی انتخابات میں اپنی تعلیم قابلیت گریجویشن بتائی تھی، جبکہ اس مرتبہ انہوں نے حلف نامے میں دسویں تک کی تعلیم حاصل کرنے کا ذکر کیا ہے۔ بی جے پی امیدوار نے الیکشن افسر کے پاس کی گئی شکایت میں حلف نامے میں صحیح معلومات نہیں دینے پر آپ امیدوار کا پرچہ نامزدگی مسترد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس پر2 بجے سماعت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS