چیپوک کی پچ پر دہلی، حیدرآباد کے درمیان مقابلہ آج

0

چنئی(یواین آئی) : دوبار کی آئی پی ایل فاتح سن رائزرزحیدرآباد کا یہاں اتوارکو آئی پی ایل 14 کے 19 ویں میچ میں گزشتہ دفاعی چمپئن دہلی کیپیٹل کے خلاف مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ چیپوک کی پچ پر دہلی کا یہ دوسرا میچ ہوگا، جبکہ حیدرآباد نے اب تک اپنے تمام میچ یہیں پرکھیلے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے یہاں اپنے پچھلے میچ میں شاندار فتح حاصل کی تھی۔ دہلی نے جہاں پانچ بار کی فاتح اور گزشتہ چمپئن ممبئی انڈینس کو چھ وکٹوں سے شکست دی وہیں حیدرآباد نے پنجاب کنگز کو نو وکٹوں سے شکست دی۔ مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے دہلی کاپلڑا حیدرآباد سے کہیں زیادہ بھاری ہے ۔ دہلی کا ٹاپ اور مڈل بیٹنگ آرڈر زبردست فارم میں ہے اور انہوں نے چار میں سے تین میچ اسی وجہ سے جیتے ہیں۔ پرتھوی شا، شکھر دھون، ریشبھ پنت، مارکس اسٹوئنس اور للت یادو سبھی بیٹ کے ساتھ اچھانظرآرہے ہیں۔ یہاں تک کہ شیکھر دھون نے اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 231 رنز بنائے ہیں، جس کی وجہ سے وہ اورنج کیپ ہولڈر بھی ہیں۔
حیدرآباد کی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے کپتان ڈیوڈ وارنر اور جانی بیئرسٹو کو چھوڑ کر کوئی دوسرا بلے باز موثر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور میچ وننگ مظاہرہ نہیں کرپایا ہے ۔ سارادارمدار ٹاپ آرڈر پر ڈالنا حیدرآباد کی سب سے بڑی کمزوری اور دوسرے وتیسرے میچ میں ٹیم کی شکست کی وجہ رہا ہے ۔ ان دونوں میچوں میں ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر کے بلے باز کچھ بھی کرنے میں ناکام رہے اور جلد آؤٹ ہوگئے تھے ۔ دہلی کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ تجربہ کار فاسٹ با لر اینرچ نورتجے اور آل راؤنڈر اکشر پٹیل انتخاب کے لئے دستیاب ہو گئے ہیں۔ دونوں کورونا سے متاثر پونے کے سبب گزشتہ کچھ دنوں سے قرنطینہ میں تھے ۔ وہیں حیدرآباد کے لئے ٹی نٹراجن کا ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانا تشویشناک ہے ۔ اس یارکر کے ماہر بولر کی جگہ ٹیم نے عارضی طور پر خلیل احمد کو الیون میں شامل کیا ہے ، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ نٹراجن کا الیون میں نہ ہونا کہیں نہ کہیں حیدرآباد کے لئے نقصان دہ ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS