سری نگر میں سولہ برس بعد ماہ اگست میں سرد ترین رات

0
thekashmirwalla.com

سری نگر: (یو این آئی) پہاڑی علاقوں میں تازہ ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد وادی کشمیرمیں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگرمیں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال 2005 سے ماہ اگست کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر کا گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت معمول سے5.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔31 اگست 2005 کو سری نگر کا کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11.6 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی کے مشہورزمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جب کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.6ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 19 اگست تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS