یوپی کابینہ میں 3دلت،3اوبی سی اور ایک برہمن شامل

0

لکھنؤ (ایس این بی) : اترپردیش میں اگلے برس ہونے والے اسمبلی الیکشن کے کچھ پہلے یوگی کابینہ میںتوسیع کرتے ہوئے7نئے وزرا شامل کئے گئے ہیں۔ نئے وزرا میں ایک برہمن چہرہ ہے، جبکہ 3دلت اور 3اوبی سی سے ہیں۔ان میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے جتن پرساد کو کابینی وزیر بنایا گیا ہے، جبکہ 6 کو وزیر مملکت کا حلف دلایا گیا ہے۔ گورنر ہاؤس میں منعقد تقریب میں گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی سفارش پر نئے وزرا کو عہدہ و رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر یوگی حکومت کے نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ و ڈاکٹر دنیش شرما، چیف سکریٹری آر کے تیواری سمیت اعلیٰ افسران موجود تھے۔ گورنر ہاؤس میں گاندھی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی تقریب حلف برداری میں سب سے پہلے جتن پرساد کو کابینی وزیر کا حلف دلایا گیا۔ اس کے بعد بریلی کے چھترپال سنگھ گنگوار، گونڈہ کے پلٹو رام، غازی پور کی ڈاکٹر سنگیتا بلونت، سون بھدر کے سنجیو کمار، میرٹھ کے دنیش کھٹک و دھرم ویر پرجاپتی کو وزیر مملکت کا حلف دلایا گیا۔ حلف لینے کے بعد نئے وزرا نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے آشیرواد لیا اور تقریب حلف برداری مکمل ہونے کے بعد گورنر محترمہ پٹیل و وزیر اعلیٰ یوگی نے سبھی نئے وزرا کو گلدستہ دے کر ان کا خیرمقدم کیا۔ یوگی حکومت میں 7 نئے وزرا کو شامل کرنے کے بعد بھی ابھی کئے عہدے خالی ہیں۔ کورونا بحران میں حکومت کے3 وزیروں کمل رانی ورون، چیتن چوہان اور وجے کمار کشیپ کی موت ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر ریتابہوگنا جوشی و ایس پی سنگھ بگھیل کے ممبرپارلیمنٹ بن جانے کی وجہ سے عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ تو دوسری طرف سوہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے بی جے پی اتحاد سے الگ ہونے کے بعد ان کا عہدہ بھی خالی ہوگیا تھا۔یوگی حکومت میں کابینی وزیر بنائے گئے جتن پرساد کو ممبرکونسل بنایا جائے گا اس کیلئے بھی حکومت نے اتوار کو گورنر کوٹے سے کونسل ہائوس میں نامزد کئے جانے کیلئے ان کے نام کی سفارش گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل سے کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے شاملی سے چودھری ویریندر سنگھ گرجر، مرادآباد سے گوپال انجان و گورکھپور میں نشاد پارٹی کے صدر سنجے نشاد کو کونسل میں نامزد کرنے کیلئے سفارش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS