جموں،(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان چھڑنے والے ایک تصادم میں ایک افسر سمیت پانچ فوجی جوان جاں بحق ہو گئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سرنکوٹ کے چھامرر جنگلات میں گولہ باری کے تبادلے کے بعد اب ضلع راجوری کے بھانگائی نامی گائوں میں طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں پیر کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان چھڑنے والی ایک تصادم آرائی کے دوران ایک جونیئرکمیشنڈ افسر(جے سی او) اور چار دیگر فوجی جوان جان بحق ہوئے۔
انہوں نے مہلوک فوجیوں کی شناخت نائب صوبیدار جسوندر سنگھ، سپاہی مندیپ سنگھ، گجن سنگھ اور سراج سنگھ ساکنان پنجاب اور سپاہی ویساکھ ایچ ساکن کیرلہ کے طور پر کی ہے۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح سرنکوٹ کے ڈیرا کی گلی علاقے کے متصل دیہات کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک جگہ چھپے جنگجوؤں نے ایک تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
جموں میں تعینات دفاعی ترجمان کرنل دیویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فوجی جوانوں نے ایک خفیہ اطلاع کی بنا پر سرنکوٹ علاقے میں ایک کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔
انہوں نے بتایا: ‘علاقے میں چھڑنے والے تصادم کے دوران ایک جی سی او اور دیگر چار فوجی جوان زخمی ہوئے۔ انہیں نزدیکی طبی مرکز لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے’۔
ایک رپورٹ کے مطابق پونچھ کے سرنکوٹ میں فوجی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے بھاری مسلح جنگجوئوں کا راجوری کے بھانگائی میں فوج سے آمنا سامنا ہوا ہے اور طرفین کے درمیان جھڑپ جاری ہے۔
پونچھ میں جھڑپ: جی سی او سمیت پانچ فوجی جوان جاں بحق، آپریشن جاری
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS